ایکسپریس نیوز کے مطابق یوسی 10 لیاری تیسر ٹاؤن کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ وائس چیئرمین کے امیدوار اسٹیفن کھوکھر کے حق میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے اقلیتی امور روما مشتاق مٹو نے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن منارٹیز ونگ کے صدر مشتاق مٹو کے ہمراہ اسٹیفن کھوکھر کے انتخابی کیمپ میں ایک پرجوش کارنر میٹنگ سے خطاب کیا۔
آزاد امیدوار بشیر نے اسٹیفن کھوکھر کے حق میں دستبرداری کا اعلان بھی کردیا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ محلہ کمیٹی کے صدر نے بھی باضابطہ طور پر اسٹیفن کھوکھر کی حمایت کا اعلان بھی کردیا۔
شرکاء نے اسٹیفن کھوکھر کو ایک باصلاحیت اور عوام دوست امیدوار قرار دیتے ہوئے مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی کامیابی علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کی ضمانت ہوگی۔
اسٹیفن کھوکھر نے تمام حمایتیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے وژن کے مطابق عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔