حکومت بلوچستان نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سامان کی بڑی کھیپ روانہ کردی گئی۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ صوبوں کے عوام کی فوری ضروریات کے پیش نظر امدادی سامان روانہ کیا گیا ہے۔
امدادی کھیپ میں بنیادی ضرورت کی اشیا اور نان فوڈ آئٹمز شامل ہیں جو متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے 1500 اور خیبر پختونخوا کے 1 ہزار متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سامان بھجوایا گیا ہے۔
اس موقع پر ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان نے سامان متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کیا۔
ترجمان نے کہا کہ بلوچستان حکومت مشکل کی اس گھڑی میں گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
سیلاب متاثرہ بھائیوں کی مدد دراصل بلوچستان حکومت کی انسانی ہمدردی اور یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔