صحافی خاور حسین کے اہل خانہ امریکا سے کراچی پہنچ گئے، والد نے قتل کا شبہ ظاہر کردیا

0 minutes, 0 seconds Read

سینئیر صحافی خاور حسین کے اہلخانہ امریکا سے کراچی پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق خاور کے بھائی والد اور والدہ جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچے، جہاں سے ان کے اہل خانہ حیدر آباد اور پھر سانگھڑ کے لئے روانہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق خاور کے والد کا کہنا ہے وہ خود اپنے آپ کو گولی نہیں مار سکتا، یہ ایک قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاور بہت دلیر انسان تھا۔

صحافی خاور حسین کے والد کا کہنا تھا کہ ہمارا کسی سے کوئی تنازعہ یا جھگڑا نہیں تھا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ضلع سانگھڑ سے صحافی خاور حسین کی گولی لگی لاش ان کی گاڑی سے برآمد ہوئی تھی، جس پر صحافتی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا تھا اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

بعد ازاں خاور حسین کی موت کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی گئی تھی۔

خاور حسین صحافت کے میدان میں طویل عرصے سے سرگرم تھے اور آج نیوز سمیت کئی نامور نیوز چینلز کے ساتھ وابستہ رہ چکے تھے۔

ان کی اچانک اور پراسرار موت نے نہ صرف ان کے اہلِ خانہ کو غمزدہ کر دیا ہے بلکہ میڈیا انڈسٹری میں بھی دکھ اور سوالات کی فضا پیدا کر دی ہے۔

Similar Posts