نیتن یاہو کی میزبانی کے اچھے نتائج نہیں ہوں گے، ایران کی امارات کو وارننگ

ایران نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی متحدہ عرب امارات میں میزبانی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے امارات کو خبردار کیا ہے کہ اس کے اچھے نتائج نہیں ہوں گے۔

ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں متحدہ عرب امارات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی نے امارات کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی، اسی طرح نیتن یاہو کی میزبانی بھی فائدہ مند ثابت نہیں ہوگی۔

محسن رضائی نے اپنے بیان میں نیتن یاہو کے لیے ’غزہ کا قصاب‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے کہا کہ امارات کو گزشتہ جنگ سے سبق سیکھنا چاہیے اور جنگیں بھڑکانے سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات پر زور دیا کہ وہ ایرانی جزائر سے متعلق اپنے دعوے بھی بند کرے، جنہیں رضائی نے بے بنیاد قرار دیا۔

محسن رضائی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے 27 ستمبر کو ابوظبی کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی تھی۔

اماراتی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی تھی۔

ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان خلیج میں موجود بعض جزائر کا معاملہ بھی طویل عرصے سے اختلاف کا باعث ہے۔ ایران ان جزائر پر کنٹرول رکھتا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات ان پر ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے۔

محسن رضائی کی جانب سے نیتن یاہو کے دورۂ امارات پر تنقید ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں ایران، اسرائیل اور خلیجی ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور علاقائی تعلقات پہلے ہی کشیدگی کا شکار ہیں۔

Related posts