’آپ کو باہر جانا پڑے گا‘، راجپال یادو کو مشتاق خان کی تعزیتی تقریب سے نکالنے کی حقیقت

سوشل میڈیا پر اداکار راجپال یادو کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہیں معروف اداکار مشتاق خان کی تعزیتی تقریب سے باہر نکل جانے کے لیے کہا گیا۔ تاہم بعد میں سامنے آنے والی ایک اور ویڈیو نے معاملے کی مختلف تصویر پیش کردی۔

مشتاق خان 24 ستمبر کو کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے تھے، جن کے لیے بدھ کے روز ایک تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔

اس تعزیتی تقریب میں انڈسٹری کی کئی مشہور شخصیات نے شرکت کی جن میں راجپال یادو، راہول رائے، وندو دارا سنگھ، پونم ڈھلون، گجیندر چوہان اور دیگر نامور فنکار شامل تھے تاکہ مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔

وائرل ہونے والی پہلی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ راجپال یادو میڈیا سے بات کر رہے ہیں اور اسی دوران پس منظر میں ایک خاتون کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ، ’آپ کو بھیج دیا جائے گا، ہم نے آپ کو سمجھا دیا ہے اور آپ ایسا کیوں کر رہے ہیں۔‘

ویڈیو میں خاتون کی گفتگو کے ایک حصے کو سوشل میڈیا صارفین نے اس انداز میں پیش کیا کہ جیسے راجپال یادو کو تعزیتی تقریب سے باہر نکالا جا رہا ہو۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد بعض لوگوں نے دعویٰ کیا کہ اداکار کی تقریب میں بے عزتی کی گئی۔

تاہم اس کے بعد ایک دوسری ویڈیو بھی سامنے آئی جس نے تمام افواہوں کی حقیقت واضح کر دی۔

اس اصل ویڈیو کے مطابق ایک شخص تعزیتی تقریب کے دوران راجپال یادو کے ساتھ زبردستی سیلفی لینے کی کوشش کر رہا تھا، جس پر وہاں موجود ٹیم نے اسے ایسا کرنے سے منع کیا اور وہاں سے ہٹنے کو کہا۔

اس کے بعد اس شخص نے اپنا فون نیچے رکھ دیا اور معافی مانگی، جبکہ وہاں موجود میڈیا نے بھی اس بات پر تنقید کی کہ کیا تصویر لینے کی یہ مناسب جگہ ہے۔

واقعے سے قبل راجپال یادو نے مشتاق خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ وہ ان کے انتقال سے محض دو گھنٹے پہلے ان سے ملے تھے، جہاں انہوں نے بات کی، مصافحہ کیا اور وہ ان کی ہر بات کا جواب دے رہے تھے۔ راجپال نے اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ اتنی جلدی وہ شخص دنیا سے رخصت ہو گیا۔

پیشہ ورانہ زندگی کی بات کی جائے تو راجپال یادو آخری بار فلم ’حیوان‘ میں نظر آئے تھے جس میں اکشے کمار اور سیف علی خان بھی شامل تھے اور اب وہ سلمان خان کی آنے والی فلم میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

Related posts