نئے جیمز بانڈ کا انتخاب، لگژری برانڈز میں جنگ چھڑ گئی

ہالی ووڈ کی مشہور فلم سیریز جیمز بانڈ میں نئے اداکار رابرٹ پیٹنسن کی انٹری نے جہاں مداحوں میں جوش پیدا کردیا ہے، وہیں دنیا کے بڑے لگژری برانڈز بھی فلم کا حصہ بننے کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں۔

گھڑیوں، مہنگی گاڑیوں، ملبوسات اور مشروبات بنانے والی کمپنیوں کے درمیان 007 کے ساتھ اپنی مصنوعات کی تشہیر کرنے کے لیے مقابلہ شروع ہوگیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جیمز بانڈ کی نئی فلم میں رابرٹ پیٹنسن مرکزی کردار ادا کریں گے۔ اس اعلان کے بعد فیشن اور اشتہارات کی دنیا میں بھی نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ آخر کون سے برانڈز اس بار مشہور خفیہ ایجنٹ کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے اور برطانیہ کے اس مشہور خفیہ ایجنٹ کے ساتھ اپنا نام جوڑ سکیں۔

جیمز بانڈ کا کردار چھ دہائیوں سے زیادہ عرصے سے فلمی دنیا کا حصہ ہے اور اسے دنیا کے مؤثر ترین تجارتی کرداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس فلمی سیریز کے ذریعے مختلف کمپنیوں کو اپنی مصنوعات عالمی سطح پر متعارف کرانے کا موقع ملتا رہا ہے۔

فلمی تشہیر کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جیمز بانڈ کا کردار محض کہانی سے نہیں بلکہ اس کے لباس، استعمال ہونے والی اشیا اور انداز سے پہچانا جاتا ہے۔

رابرٹ پیٹنسن کی مقبولیت مردوں اور خواتین کے ساتھ ساتھ مختلف عمر کے شائقین میں بھی پائی جاتی ہے، جس کی وجہ ٹوائی لائٹ اور بیٹ مین جیسی فلموں میں ان کی اداکاری ہے۔ فیشن کی دنیا میں ان کی مضبوط پہچان کو بھی برانڈز کے لیے ایک بڑا موقع سمجھا جا رہا ہے۔

نئی فلم میں سب سے زیادہ دلچسپی گھڑیوں کے برانڈز کے درمیان مقابلے کو لے کر ہے۔ اس سے قبل اداکار ڈینیئل کریگ نے جیمز بانڈ کا کردار ادا کرتے ہوئے اومیگا کی گھڑیاں پہنی تھیں۔ یہ برانڈ 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم گولڈن آئی کے بعد سے جیمز بانڈ کی شناخت کا حصہ رہا ہے۔

تاہم رابرٹ پیٹنسن پہلے ہی رواں برس ستمبر میں سوئس لگژری واچ برانڈ جگر لیکولٹرے کے عالمی سفیر بنے ہیں، جس کے باعث یہ سوال پیدا ہوگیا ہے کہ نئی فلم میں ان کی کلائی پر کون سی کمپنی کی گھڑی نظر آئے گی۔ اس کمپنی نے ان کے بانڈ بننے کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نئے بانڈ کے طور پر رابرٹ پیٹنسن کی جو پہلی جھلک سامنے آئی، اس میں ان کی کلائی پر کوئی گھڑی موجود نہیں تھی۔ اس بات نے ہالی ووڈ کی برانڈنگ اور اشتہاری صنعت میں خاصی ہلچل مچا دی ہے کیونکہ گھڑیوں کے بڑے برانڈز بانڈ کی کلائی پر جگہ بنانے کے لیے ایک دوسرے سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

مارکیٹنگ کے ماہرین کے مطابق گھڑیوں کے شعبے میں یہ مقابلہ سب سے زیادہ دلچسپ ہوسکتا ہے، کیونکہ ماضی میں جیمز بانڈ کے ساتھ وابستہ برانڈز بھی دوبارہ فلم کا حصہ بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔

صرف گھڑیاں ہی نہیں بلکہ فلم میں جیمز بانڈ کے لباس کے لیے بھی بڑے فیشن برانڈز کے درمیان مقابلے کا امکان ہے۔

ڈینیئل کریگ کے دور میں ٹام فورڈ جیمز بانڈ کے ملبوسات تیار کرتا رہا ہے، تاہم رابرٹ پیٹنسن 2013 سے فرانسیسی فیشن برانڈ ڈائیور کے ساتھ بھی وابستہ ہیں۔

ڈائیور نے نئے جیمز بانڈ کے اعلان پر خوشی کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ آیا یہ برانڈ فلم میں ٹام فورڈ کی جگہ لے سکتا ہے یا نہیں۔ تاہم دونوں کمپنیوں کی جانب سے اس حوالے سے کسی حتمی معاہدے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

جیمز بانڈ کی فلموں میں مہنگی اور جدید گاڑیاں بھی ہمیشہ خاص اہمیت رکھتی ہیں۔ برطانوی کمپنی آسٹن مارٹن کی گاڑیاں تقریباً ایک درجن بانڈ فلموں میں دکھائی جا چکی ہیں۔

ڈینیئل کریگ کے دور میں بھی یہ گاڑیاں فلم کا نمایاں حصہ تھیں، تاہم نئی فلم میں ان کی واپسی کے حوالے سے کمپنی نے فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

اس کے علاوہ مشروبات بنانے والی کمپنیوں کی بھی فلم میں جگہ حاصل کرنے میں دلچسپی رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ فلم میں بانڈ کے مشہور مارٹینی مشروب کے لیے اسمرنوف ووڈکا کو نمایاں کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق جیمز بانڈ کی نئی فلم 2028 میں ریلیز ہونے کی توقع ہے، جو گزشتہ فلم کے سات سال کے وقفے کے بعد ہوگی۔ اس فلم کی ہدایت کاری ڈینس ویلنیو کریں گے، جبکہ یہ ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز کے تحت بننے والی جیمز بانڈ سیریز کی پہلی فلم ہوگی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ رابرٹ پیٹنسن اور ہدایت کار ڈینس ویلنیو دونوں نسبتاً سادہ اور منفرد انداز کے لیے جانے جاتے ہیں، اس لیے ممکن ہے کہ نئی فلم میں مصنوعات کی تشہیر پہلے کے مقابلے میں کم نمایاں رکھی جائے۔

ان کے مطابق آج کے ناظرین، خاص طور پر نوجوان، فلموں میں غیر ضروری تجارتی تشہیر کو زیادہ پسند نہیں کرتے۔ یہی وجہ ہے کہ فلم میں برانڈز کی شمولیت کا فیصلہ صرف مالی پیشکش کی بنیاد پر نہیں بلکہ کہانی اور کردار کے مطابق بھی کیا جاسکتا ہے۔

تشہیری ماہرین کے مطابق اس بار صرف پیسے کی بنیاد پر فیصلہ نہیں ہوگا بلکہ فلم کی کہانی اور ہدایت کار کا تخیل ہی طے کرے گا کہ نیا جیمز بانڈ کون سی گھڑی پہنے گا، کون سا لباس استعمال کرے گا اور کون سی گاڑی چلائے گا۔

Related posts