علی ظفر اپنی اصل عمر سے 13 سال چھوٹے نکلے، معاملہ کیا ہے؟
پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر نے اپنی فٹنس اور صحت سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ طبی ٹیسٹ کے مطابق ان کی حیاتیاتی عمر اصل عمر سے 13 سال کم ہے۔
حال ہی میں علی ظفر نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی صحت، فٹنس اور روزمرہ معمولات کے بارے میں گفتگو کی۔
اس دوران انہوں نے بتایا کہ انہوں نے امریکا سے عمر کا تعین کرنے والے مخصوص ڈی این اے ٹیسٹ کروائے تھے، جن کے نتائج کے مطابق ان کی حیاتیاتی عمر حقیقی عمر سے 13 سال کم ہے۔
علی ظفر کے مطابق اس ٹیسٹ کے ذریعے جسم کے خلیوں کی سطح پر عمر کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ کے نتائج نے انہیں خوشگوار حیرت میں مبتلا کیا، کیونکہ ان کی حیاتیاتی عمر اصل عمر کے مقابلے میں 13 سال کم نکلی۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ ان کا طرز زندگی ان کے لیے بہترین ثابت ہو رہا ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ اپنی صحت اور جسمانی توانائی برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان کی صحت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی اسی طرح جاری رہے گا۔
علی ظفر نے اپنی فٹنس کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ اگر روزمرہ کا معمول اچھا ہو تو جسم کے خلیات جلدی بوڑھے نہیں ہوتے۔ ان کے دن کا آغاز مراقبے اور ورزش سے ہوتا ہے۔ وہ اپنی خوراک کا خاص خیال رکھتے ہیں اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی کوشش کرتے ہیں۔کیونکہ صحت ہی اصل دولت ہے۔
ان کے بقول مراقبہ روح کی صفائی کے لیے ضروری ہے جس کا اثر چہرے اور جسم پر صاف دکھائی دیتا ہے۔
ان کے مطابق انسان کی ذہنی کیفیت اور مثبت سوچ بھی صحت پر اثر انداز ہوتی ہے۔ وہ منفی خیالات اور ذہنی دباؤ کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیتے، کیونکہ ان کے خیال میں ذہنی سکون جسمانی صحت کے لیے بھی اہم ہے۔
انہوں نے مراقبے کو ذہنی اور روحانی سکون کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات انسان کی شخصیت اور ظاہری حالت میں بھی نظر آتے ہیں۔
پوڈکاسٹ کے دوران علی ظفر نے یہ بھی بتایا کہ ایک وقت میں ان کا کولیسٹرول بڑھ گیا تھا، تاہم انہوں نے اپنی خوراک اور روزمرہ معمولات میں تبدیلی کرکے اسے کم کرنے کی کوشش کی۔
ان کے مطابق انہوں نے تقریباً 40 دن تک اپنے بنائے ہوئے غذائی منصوبے پر عمل کیا، جس کے بعد ٹیسٹ میں کولیسٹرول کی سطح میں کمی سامنے آئی۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ وہ خوراک کے ذریعے بیماریوں پر قابو پانے سے متعلق اپنی تحقیق کو خود آزمانا چاہتے تھے، اسی لیے انہوں نے ادویات کے بجائے اپنی غذا اور طرزِ زندگی میں تبدیلی کو آزمایا۔
واضح رہے کہ علی ظفر کو اپنے متعدد مقبول گانوں اور اداکاری کی بدولت دنیا بھر میں جانا جاتا ہے اور سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی تعداد 59 لاکھ سے زائد ہے۔ انہیں علاقائی گانوں اور نعت رسول مقبول کی وجہ سے بھی بے حد سراہا گیا ہے جبکہ وہ جلد ہی ایک نئے ڈرامہ سیریل میں مرکزی کردار کے ساتھ اسکرین پر واپسی کرنے جا رہے ہیں