شریف برادران آج آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے، ترقیاتی پیکیج کا اعلان متوقع

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر ریاستی حکومت کے سو روزہ اصلاحاتی و ترقیاتی پلان کا باضابطہ افتتاح متوقع ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کی دعوت پر ہونے والے اس اہم دورے کے دوران صحت، تعلیم، مواصلات اور سیاحت کے شعبوں پر مشتمل ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی اور کابینہ کے اجلاس سے بھی خطاب کا امکان ہے۔

موجودہ مالی سال کے دوران آزاد کشمیر کے ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے مجموعی طور پر 286 ارب روپے کا بجٹ منظور کیا گیا ہے جس میں 250 ارب روپے غیر ترقیاتی اخراجات جبکہ 36 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کے لیے رکھے گئے ہیں۔

ترقیاتی بجٹ میں وفاقی ترقیاتی گرانٹ اور بیرونی امداد کے ذریعے بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔

ترقیاتی پلان کے تحت مواصلات کے شعبے کو اولین ترجیح دیتے ہوئے 14 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جن سے آزاد کشمیر بھر میں شاہرات کی تعمیر اور رابطہ سڑکوں کے نیٹ ورک کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ صحت کے شعبے میں ضلعی اور ڈویژنل سطح پر بڑے اسپتالوں کی تعمیر، جدید طبی آلات کی فراہمی اور علاج معالجے کے معیار کو بلند کرنے کے اقدامات شامل ہیں تاکہ دور دراز علاقوں کے باسیوں کو بہتر طبی امداد مل سکے۔

تعلیم اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بھی اس سو روزہ پلان میں خصوصی اہداف مقرر کیے گئے ہیں جن میں فنی تربیت، آئی ٹی تربیتی مراکز کا قیام اور طلبہ کے لیے اسکالرشپس جیسے اقدامات شامل ہیں۔

سیاسی اور معاشی حلقوں کا ماننا ہے کہ وفاقی حکومت کے تعاون اور ریاستی قیادت کی باہمی ہم آہنگی سے شروع کیے جانے والے یہ ترقیاتی منصوبے آزاد کشمیر میں پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور عوام کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری کا باعث بنیں گے۔

Related posts