اداکارہ ایشا نور کی اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ، ماڈل اور میزبان ایشا نور نے شوبز کی دنیا چھوڑ کر اپنی زندگی دینی تعلیمات کے مطابق گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ پڑھنے سے انہیں زندگی کا نیا راستہ ملا اور اللہ تعالیٰ پر بھروسے نے انہیں ایک نئی شروعات کرنے کا حوصلہ دیا۔

اپنے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایشا نور نے بتایا کہ جب انسان اللہ تعالیٰ سے ہدایت مانگتا ہے تو اسے ضرور راستہ ملتا ہے۔ ان کے گھرانے کا کئی عرصے سے مذہب کی طرف رجحان تھا، تاہم ان کی چھوٹی بہن نے جب قرآن پاک پڑھنا شروع کیا تو انہوں نے انہیں بھی قرآن پڑھنے کی ترغیب دی۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے شوبز میں کام کے دوران ہی قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ پڑھنا شروع کردیا تھا۔ قرآن پڑھتے ہوئے انہیں ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے اللہ تعالیٰ براہِ راست ان سے مخاطب ہیں اور ان کی زندگی کے مسائل کا جواب دے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی زندگی کے ایک مشکل دور سے گزر رہی تھیں اور انہیں محسوس ہونے لگا تھا کہ اگر وہ دوسروں کے لیے کچھ کرنا چاہتی ہیں تو انہیں اپنی موجودہ زندگی اور کام کے شعبے سے ہٹ کر کوئی نیا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔

ایشا نور کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے بارے میں وہ کافی پریشان رہتی تھیں، کیونکہ بچپن سے لے کر 18 سال کی عمر تک ایک ہی شعبے سے وابستہ رہنے کے بعد اسے چھوڑنا اور بالکل نئی زندگی شروع کرنا آسان نہیں تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ قرآن پاک پڑھتے ہوئے انہیں یہ پیغام ملا کہ اگر وہ یہ راستہ چھوڑنے کا حوصلہ کریں گی تو اللہ تعالیٰ ان کے لیے دوسرا راستہ بنا دیں گے۔

ان کے مطابق انہوں نے اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کرتے ہوئے شوبز کا شعبہ چھوڑ دیا اور اب انہیں اس فیصلے پر اطمینان ہے۔ وہ گزشتہ تین سال سے شوبز سے دور ہیں اور اپنی زندگی کے نئے سفر میں مصروف ہیں۔

ایشا نور نے بتایا کہ اب وہ اپنی ٹریول ایجنسی چلا رہی ہیں، جس کے ذریعے نہ صرف خود کام کر رہی ہیں بلکہ دوسرے لوگوں کو بھی روزگار فراہم کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ان افراد کو بھی آن لائن کام کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں جو گھر بیٹھے آمدنی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

اداکارہ کے مطابق اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے نئے راستے کھول دیے اور انہیں اندازہ ہوا کہ زندگی میں تبدیلی کا فیصلہ مشکل ضرور ہوتا ہے، لیکن اللہ پر بھروسہ انسان کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔

ایشا نور کی جانب سے شوبز چھوڑنے اور اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں بتانے کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی ان کے فیصلے پر ردعمل دے رہے ہیں۔ متعدد صارفین نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور نئی زندگی کے سفر میں کامیابی اور خوشیوں کی دعائیں کی ہیں۔

Related posts