امیتابھ کے بعد ابھیشیک بچن کو بھی قتل کی دھمکیاں
بولی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے بعد ان کے بیٹے اداکار ابھیشیک بچن کو بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ یہ دھمکیاں مبینہ طور پر گینگسٹر گولڈی ڈھلوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر دی گئی ہیں، جس میں دونوں اداکاروں کو نشانہ بنانے کی بات کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تازہ دھمکیاں ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب گزشتہ روز امیتابھ بچن نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ایک مختصر پیغام میں ”بچ گئے“ لکھا تھا جس کے بعد ان کے اور ابھیشیک بچن کے حوالے سے دھمکی آمیز پیغام سامنے آیا۔
اس سے قبل بھی اسی گینگ کی جانب سے ای میلز کے ذریعے ممبئی میں واقع امیتابھ بچن کی رہائش گاہ جلسہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی جا چکی ہے، جس کے بعد ان کی سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کیے گئے تھے۔
گولڈی ڈھلوں سے منسوب سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ امیتابھ اور ابھیشیک بچن کو بلٹ پروف کیبن سمیت دیگر حفاظتی اقدامات بھی نشانہ بننے سے نہیں بچا سکیں گے۔
پیغام میں یہ بھی کہا گیا کہ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی جانب سے مبینہ ساتھیوں وکاس ٹھاکر اور دیپک سنگھ کی گرفتاری کے باوجود ان کا منصوبہ جاری رہ سکتا ہے۔ گولڈی نے دعویٰ کیا کہ شہر میں 200 سے زائد افراد اس کے حکم کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی شوبز شخصیات کو مجرمانہ گروہوں کی جانب سے دھمکیاں ملنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے پہلے بھی کئی نامور اداکاروں کو بھتہ خوری اور قتل کی دھمکیاں موصول ہوتی رہی ہیں جس پر ممبئی پولیس نے خصوصی حفاظتی دستے تعینات کیے تھے۔
فی الحال قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اس نئی سوشل میڈیا پوسٹ کی باضابطہ تصدیق یا باقاعدہ تفتیش شروع کرنے کے حوالے سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے، جبکہ بچن خاندان یا ان کی انتظامیہ نے بھی اس سارے معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔