ترجمان ایس آئی یو کے مطابق واقعہ کراچی کے علاقے الآصف اسکوائر کے قریب پیش آیا جہاں پولیس پر بھتہ خوروں نے فائرنگ کی۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم موقع پر ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی حالت میں گرفتار ہوا، تاہم زخمی ملزم بھی بعد ازاں دم توڑ گیا۔ ریسکیو حکام نے بھی دونوں ملزمان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
ایس آئی یو ترجمان کے مطابق جائے وقوعہ سے دو پستول، ایک موٹر سائیکل اور موبائل فون برآمد ہوئے ہیں، جبکہ گرفتار شدہ اور ہلاک ملزمان کی شناخت اور ان کے مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں کا تعلق بھتہ خور صمد کاٹیا واڑی گروپ سے تھا۔
پولیس نے مزید کارروائی کے لیے اضافی نفری طلب کر لی ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔