کراچی میں آج سے گرمی کی شدت میں کمی متوقع، درجہ حرارت کیا رہے گا؟

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی والوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہوگئیں، جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، سمندری ہوائیں بحال ہونے سے خشک موسم کی چھٹی ہوگئی ہے، شہر میں اس وقت مطلع صاف اور موسم مرطوب ہے۔

کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 19 سے 21 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ اس وقت شہر کا موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

فیکٹ چیک: کیا کراچی اور ساحلی علاقوں میں کل شدید گرمی ہوگی؟

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے۔

کراچی کا فضائی معیار بہتر ہے، ایئرکوالٹی انڈیکس

ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے مطابق، کراچی کا فضائی معیار بہتر ہے تاہم دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 44 ویں نمبر پر ہے جبکہ شہر میں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 79 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

دوسری جانب اٹک سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش سے موسم سرد ہوگیا، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، شمالی بلو چستان اور بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں موسم مجموعی طور پر خشک اور سرد رہے گا تاہم چترال، دیر اور سوات میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

تیاری کرلیں، ملک میں آج سے بارشیں اور برفباری شروع ہونے کا امکان

پنجاب میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور منڈی بہاؤالدین میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح، مری، گلیات اور گردونواح میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ اور بلوچستان میں موسم خشک رہے گا جبکہ مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم کی یہ صورتحال آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔

Similar Posts