ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے صدر کے علاقے میں کارروائی کے دوران انسانی اسگلنگ میں ملوث غیرقانونی ایجنٹ کو گرفتار کیا، گرفتار ملزم دانیال ریان الحرمین کے نام سے غیر رجسٹرڈ ٹریول ایجنسی چلا رہا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم عمرے ویزے کی آڑ میں شہریوں سے بھاری رقوم وصول کر رہا تھا، اس کے قبضے سے 9 پاسپورٹس اور دیگر سفری دستاویزات برآمد کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم سے موبائل فون، لیپ ٹاپ، چیک بکس اور اسٹمپس بھی برآمد کی گئیں، ملزم بغیر لائسنس شہریوں سے پاسپورٹ اور بیرون ملک بھجوانے کے نام پر رقوم وصول کر رہا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم برآمد شدہ پاسپورٹس کےحوالے سےحکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہا، اس حوالے سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیاگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جار ہے ہیں۔