آئی سی سی کی بھارت پر پھر مہربانی، سوریا کمار یادیو سیاسی بیان پر سستے میں چھوٹ گئے

ایشیاکپ 2025 میں پاک بھارت ٹاکرے کے بعد بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے سیاسی بیان پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا مؤقف تسلیم کرلیا گیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سوریا کمار یادیو کو سیاسی بیان بازی سے روک دیا ہے۔

پاکستان کے خلاف 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے پہلے میچ کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے سیاسی بیان دیا تھا، جس پر پی سی بی کی جانب سے بھارتی کپتان کے خلاف آئی سی سی میں باضابطہ شکایت کی گئی تھی۔

پاکستان کی شکایت پر میچ ریفری اور آئی سی سی حکام نے سوریا کمار یادیو کو طلب کیا، جس پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو پیش ہوگئے۔

دبئی کے مقامی ہوٹل میں آئی سی سی نے معاملے کی سماعت کی، جس میں پاکستان کا نقطہ سامنے رکھا گیا اور ان سے اپنے بیان پر وضاحت مانگی گئی۔

آئی سی سی حکام نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکایت کے بعد سوریا کمار یادیو کی تمام گفتگو سنی اور اس نتیجے پر پہنچی کہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

آئی سی سی نے بھارتی کپتان کو سیاسی بیان بازی سے روکتے ہوئے ہدایت کی وہ آئندہ گراونڈ میں کسی قسم کی سیاسی بیان بازی نہیں کریں گے۔

پی سی بی نے مؤقف اپنایا تھا کہ آئی سی سی باضابطہ کوئی ایکشن لے کیوں کہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہوئی ہے، جس طرح معین علی یا عثمان خواجہ کو فلسطین کے معاملے پر بات کرنے کی بالکل اجازت نہیں دی جاتی بلکہ ان کے خلاف ایکشن بھی لیا گیا ہے، اسی طرح بھارتی کپتان کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے۔


AAJ News Whatsapp

اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ اور آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین جے شاہ کی موجودگی میں اپنا اثررسوخ بھی استعمال کیا تھا۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کے دوران 14 ستمبر کو پاک-بھارت ٹاکرے کے دوران بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کپتان اور کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملاکر نہ صرف اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کی تھی بلکہ جیت کے بعد انہوں نے سیاسی بیانات بھی دیے تھے۔

پوسٹ میچ پریس کانفرنس کے دوران سوریا کمار یادیو نے پاکستان کے خلاف اپنی جیت کو پہلگام واقعے کے متاثرین کے اہل خانہ کے نام کیا تھا۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں اپریل میں ہونے والے اس فالس فلیگ آپریشن میں 24 افراد ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد بھارتی نے بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزام عائد کردیے تھے جو وہ آج تک ثابت نہ کرسکے۔

دوسری جانب آئی سی سی نے آج سوریا کمار یادیو کی سرزنش کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کی شکایت پر کل پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی طلب کیا ہے، آئی سی سی نے فاسٹ بولر حارث رؤف اور اوپنر صاحبزادہ فرحان کل آئی سی سی ہیڈ کوارٹرز میں طلب کیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں سے بھارت کے خلاف میچ کے دوران گراؤنڈ میں اپنے ایکشن کی وضاحت طلب کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کے خلاف میچ کے دوران صاحبزادہ فرحان نے نصف سینچری بنانے کے بعد اپنے بلے کو رائفل بنا کر جشن منایا تھا جب کہ حارث روف نے فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری لائن پر بھارتی شائقین کے نامناسب آوازیں کسنے پر اپنے ہاتھ سے جہاز گرنے کے مناظر کے اشارے کیے تھے۔

Similar Posts