اورکزئی میں مشتی قبیلے کا خوارج کے ظلم و ستم اور بھتہ خوری کیخلاف جرگہ

خیبر پختونخوا (اورکزئی) کے علاقے حسن زودرہ میں مشتی قبیلے کے عوام نے خوارج کے خلاف ڈٹ جانے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق مشتی قبیلے کے عمائدین اور عوام کی جانب سے خوارج کے ظلم و جبر اور بھتہ خوری کے خلاف ایک اہم جرگہ منعقد کیا گیا۔

جرگے سے قبل خوارج کے کارندے مبینہ طور پر بھتہ وصول کرنے آئے تھے، تاہم قبیلے کے عوامی ردعمل کے باعث وہ فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔

جرگے کا مقصد عوام کو خوارج کے مظالم کے خلاف متحد کرنا اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی طے کرنا تھا۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے کہا کہ خوارج کو معصوم عوام سے بھتہ وصول کرنے نہیں دیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم ریاست اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور علاقے میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

جرگہ اراکین نے سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں کی آمد پر والہانہ استقبال کیا جبکہ قبائل کی جانب سے پولیس اور فورسز کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔

Similar Posts