موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دے دیا جبکہ گزشتہ 2 روز میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دے دیا، پنجاب بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور فرضی مشقیں جاری ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 روز کے دوران پنجاب بھر میں 791 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز ہوئے، سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری و عادی مجرم اور مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
عثمان انور نے بتایا کہ ملزمان کے قبضہ سے 3 کلاشنکوف، 30 بندوقیں،21 ہینڈ گنز، سینکڑوں کی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں، دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے پنجاب پولیس کی مشقیں جاری رہیں گی۔