ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ یہ پیغامات جعلی، گمراہ کن اور فراڈ پر مبنی ہیں، جن کا کراچی ٹریفک پولیس یا کسی سرکاری ادارے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں بعض نوسر باز عناصر کی جانب سے شہریوں کو ایزی پیسہ سے منسوب ٹریفک چالان کی ادائیگی کے جھوٹے ایس ایم ایس موصول ہو رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ پیغامات جعلی، گمراہ کن اور فراڈ پر مبنی ہیں، جن کا کراچی ٹریفک پولیس یا کسی سرکاری ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔ کراچی ٹریفک پولیس چالان کی ادائیگی کے لیے کسی شہری کو پرسنل نمبر سے ایس ایم ایس نہیں بھیجتی۔
شہریوں سے گزارش ہے کہ اس طرح کے مشکوک پیغامات پر ہرگز یقین نہ کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ لنک یا نمبر پر ادائیگی نہ کریں۔ اپنی ذاتی معلومات کو محفوظ رکھیں اور کسی بھی پریشانی کی صورت میں ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔