ایشیا کپ فائنل: پاکستان کی بھارت کے خلاف بیٹنگ جاری، 7 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 56 رنز بنا لیے

ایشیا کپ ٹی 20 کے فائنل میں پاکستان کی بھارت کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں ایشیا کپ 2025 کے فائنل معرکے میں بھارت کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے 7 اوور میں بغیر کسی نقصان کے 56 رنز بنا لیے ہیں۔

صاحبزادہ فرحان 40 اور فخر زمان 14 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

میچ کا ٹاس

ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاک بھارت فائنل ہو رہا ہے جو کہ دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں میں کھیلا جارہا ہے، جہاں بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو نے میچ کا ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

کپتان بھارتی ٹیم سوریا کماریادیو کا ٹاس جیتنے کےبعد کہنا تھا کہ ہم آج ہدف حاصل کرنا چاہیں گے، اس لیے پہلے فیلڈنگ کررہے ہیں، پچھلے 6 میچوں میں اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، اسی کو جاری رکھیں گے، پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، ہاردک پانڈیا انجری کے باعث آج کا میچ نہیں کھیلیں گے۔

کپتان قومی کرکٹ ٹیم سلمان آغا نے کہا کہ ہم آج کے میچ کے لیے پرجوش ہیں، پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پچ میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھ رہا۔

اس بار بھی ٹاس کے بعد دونوں ٹیموں نے ہاتھ نہیں ملایا تاہم ایک منفرد تبدیلی نظر آئی، جس کے تحت پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے پاکستانی کمنٹیٹر اور سوریا کمار یادیو سے بھارتی کمنٹیٹر نے بات کی۔

آئی سی سی کی جانب سے آج کے میچ کے لیے اینڈی پائی کرافٹ کی جگہ رچی رچرڈسن کو مقرر کیا گیا ہے۔

فائنل کے لیے پاکستان ٹیم کے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جب کہ جب کہ بھارتی ٹیم سے ارشدیپ سنگھ اور ہرشیت رانا کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اور شیوم دوبے کی واپسی ہوئی ہے۔

فائنل میچ میں بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا انجری کے باعث پاکستان کے خلاف میچ سے باہر ہو گئے ہیں جب کہ رنکو سنگھ کو ان کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

قومی اسکواڈ کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان، صاحب زادہ فرحان، صائم ایوب، محمد حارث شامل ہیں، محمد نواز، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد بھی فائنل الیون میں شامل ہیں۔

بھارت کا اسکواڈ

بھارتی ٹیم کی قیادت سوریا کمار یادیو کر رہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں ابھیشک شرما، شبمن گِل، تلک ورما، سنجو سیمسن، شیوم دھوبے، رنکو سنگھ، اکثر پٹیل، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ اور وارون چکراورتی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے سیمی فائنل جیسے حیثیت رکھنے والے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

اس سے قبل ایشیا کپ 2025 میں بھارت نے پاکستان کو دونوں میچز میں ہرایا لیکن اس کے علاوہ پاکستان نے اب تک ایشیا کی ہر ٹیم کو شکست دی تھی۔

پاکستان اور بھارت کسی بھی کثیر ملکی ٹورنامنٹ میں اب تک 5 بار فائنل میں آمنے سامنے آئیں ہیں یہاں پاکستان بھارت سے آگے ہے، پاکستان نے 3 بار جب کہ بھارت نے پاکستان کو 2 بار فائنل میں شکست دی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ستمبر 2022 کے بعد سے اب تک 5 میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں سے 4 میں بھارت اور ایک میچ میں فتح پاکستانی ٹیم کا مقدر بنی ہے۔

پاکستان اور بھارت کا فائنل دیکھنے کے لیے ملک بھر میں بڑی اسکرینیں لگ چکی ہیں، شائقین کرکٹ کا جوش و خروش عروج پر ہے۔

شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد کو گزشتہ 2 میچز میں شکست کے بعد اس بار قومی کرکٹ ٹیم سے روایتی حریف کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کی امید ہے۔

Similar Posts