راولپنڈی؛ 15سالہ لڑکے کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

پیر ودھائی کے علاقے میں 15 سالہ لڑکے کو مبینہ زیادتی کے بعد گھر کی چھت پر بے دردی سے قتل کرکے فرار ہونے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک جبکہ ساتھی فرار ہو جانے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق رات گئے موٹر سائیکل سوار مشکوک ملزمان کو گشت پر مصروف پولیس ٹیم نے چیکنگ کے لیے روکنا چاہا تو پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ شروع کر دی۔

گولیاں پولیس ٹیم میں شامل کانسٹیبل نور اور دیوار پر لگیں تاہم کانسٹیبل بلٹ پروف جیکٹ میں ہونے کے باعث محفوظ رہا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہوا اور اسکا ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہو جانے میں کامیاب ہوگیا۔

زخمی ملزم کی تلاشی لی گئی، مذکورہ کی جیب سے برتھ سرٹیفکیٹ جس پر اسکا نام ولید درج تھا سمیت نقدی برآمد ہوئی جس کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والا ملزم ولید ایک روز قبل 15 سالہ لڑکے کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے مقدمے میں مطلوب تھا، جو زیادتی و قتل کی واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا اور اس کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔

واقعے کی اطلاع پر سینیئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کر دی۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے فرائض کی ادائیگی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، ملزم کے فرار ہونے والے ساتھی کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

Similar Posts