جن نکالنے کے نام پر لڑکی سے لاکھوں روپے بٹورنے اور نازیبا ویڈیو بنانیوالا جعلی عامل گرفتار

سرگودھا کے علاقے تھانہ سیٹلائیٹ ٹاؤن میں پولیس نے جن نکالنے کے نام پر لڑکی کے والدین سے 20 لاکھ روپے بٹورنے اور نازیبا ویڈیو بنانے والے درندہ صفت جعلی عامل کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق چک 43 شمالی کا رہائشی جعلی عامل بلال گھر سے جادو ختم کرنے کے نام پر 17 سالہ لڑکی کا خون ، سر کے بال اور ناخن لے کر جنات کا توڑ نکالتا رہا اور لڑکی کی نازیبا ویڈیو بنا کر بلیک میل بھی کرتا رہا۔

پولیس کے مطابق جعلی عامل نے یہ کہہ کر لڑکی سے شادی کے لیے رکھے گئے زیورات ہتھیا لیے کہ جنات کو زیور پسند ہیں اور آپ کے گھر میں مزید 3 ہزار جنات ہیں جن کے لیے مجھے 30 لاکھ روپے اور دیں۔

پولیس کے مطابق جعلی عامل بچی کے والدین سے مزید ڈیمانڈ بھی کرتا رہا اور  دھمکیاں دیتا رہا کہ اگر کسی کو بتایا تو آپ کو جان سے مار دوں گا۔

تھانہ سیٹلائیٹ ٹاؤن پولیس نے جعلی عامل کے خلاف زیادتی ، فراڈ اور زنا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا۔

Similar Posts