فلپائن کے وسطی ساحلی علاقے میں 6.9 شدت کے زلزلے نے شدید تباہی مچادی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 69 افراد ہلاک جبکہ 150 سے زائد زخمی ہیں۔ حکام نے تشویش ظاہر کی ہے کہ ملبے کے نیچے مزید افراد کے دبے ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
زلزلے کے جھٹکوں سے کئی رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ اسکول اور کالج بھی شدید متاثر ہوئے۔
زلزلے نے بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔ حکام کے مطابق چھ پل اور ایک مرکزی سڑک دراڑیں پڑنے کے بعد ناقابلِ استعمال ہوگئے، جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب ایک اسپورٹس کمپلیکس میں جاری باسکٹ بال میچ کے دوران عمارت گر گئی۔ درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے جنہیں نکالنے کا عمل جاری ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز شمالی شہر سیبو تھا جبکہ جھٹکے 10 کلومیٹر گہرائی میں ریکارڈ کیے گئے۔ تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
زلزلے کے بعد کئی بار آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے جس سے خوف و ہراس مزید بڑھ گیا اور لوگ گھروں سے نکل کر کھلے میدانوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔ حکام نے شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے