رن وے پر دو جہاز آپس میں ٹکرا گئے، پَر اُکھڑ گئے

0 minutes, 0 seconds Read

نیویارک کے لاگوارڈیا ایئرپورٹ پر بدھ کی رات ڈیلٹا ایئر لائنز کے دو ریجنل طیارے رَن وے پر آہستہ چلتے ہوئے آپس میں ٹکرا گئے۔ اس حادثے میں ایک ایئر ہوسٹس بھی زخمی ہوئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، اندیور ایئر کی فلائٹ جو رونوک، ورجینیا کے لیے روانہ ہونے والی تھی، اس کا پر (ونگ) دوسری فلائٹ سے ٹکرا گیا جو شارلٹ، نارتھ کیرولائنا سے آ کر اتری تھی۔ یہ تصادم رات تقریباً دس بجے ٹیکسی وے پر پیش آیا۔

ٹکر کے بعد ایک طیارے کا فرنٹ بری طرح ڈیمیج ہوگیا جبکہ دوسرے کا بازو ٹوٹ گیا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں ایمرجنسی گاڑیاں موقع پر دوڑتی دکھائی دیں۔ مسافر اور عملے کو فوراً بسوں کے ذریعے واپس ٹرمینل پہنچا دیا گیا۔

ڈیلٹا ایئرلائنز نے بتایا کہ ایک فلائٹ میں 28 اور دوسری فلائٹ میں 57 مسافر سوار تھے۔ سب کو خوراک اور مشروبات فراہم کیے گئے جبکہ رات گزارنے کے لیے ہوٹل اور دوبارہ پرواز کے لیے ری بُکنگ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔


AAJ News Whatsapp

ایک مسافر نے امریکی اخبار ’ڈیلی میل‘ کو بتایا کہ ’ہم شارلٹ سے لینڈ کرنے کے بعد گیٹ کی طرف جا رہے تھے، اسی دوران ایک اور ڈیلٹا ریجنل جیٹ آ کر ہمارے طیارے سے ٹکرا گیا۔‘

ڈیلٹا ایئرلائن نے اپنے بیان میں کہا، ’ہم اپنے تمام صارفین اور عملے کی حفاظت کو سب سے مقدم رکھتے ہیں۔ اس افسوسناک واقعے پر ہم معذرت خواہ ہیں اور تمام مسافروں کی دیکھ بھال کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں۔ ساتھ ہی متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا۔‘

پورٹ اتھارٹی کے مطابق، اس واقعے سے لاگوارڈیا ایئرپورٹ کی پروازوں یا دیگر آپریشنز پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ ڈیلٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایف اے اے فضائی سفر کی نگرانی، قوانین سازی اور حفاظت کرنے والے ادارے، نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر واقعے کی مکمل جانچ کرے گا۔

Similar Posts