ایشیا کپ کے دوران تنازع کا باعث بننے والے پائی کرافٹ ہی گزشتہ روز احمد آباد میں شروع ہونے والے بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے میچ ریفری ہیں۔
ٹاس کے موقع پر سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر روی شاستری نے اپنی جانب سے پاکستان پر چوٹ کرنے کیلئے کہا کہ ’اینڈی پائی کرافٹ کی دبئی سے براہ راست ہاٹ سیٹ پر گھر واپسی‘۔ ان کے اس فقرے پر بھارتی شائقین بہت خوش ہورہے ہیں۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ میں پاک بھارت کرکٹ میچ میں ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے متنازع کردار پر پاکستان نے ان کیخلاف شدید احتجاج کیا تھا۔
پاکستان نے یو اے ای کیخلاف میچ میں اینڈی پائی کرافٹ کو ذمہ داریاں دینے پر میچ کے بائیکاٹ کا بھی فیصلہ کیا تھا، پاکستان کے مطالبے پر آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان اس معاملے پر کافی دیر ڈیڈلاک رہا جو بعدازاں ختم ہوا۔
اس دوران پی سی بی کے حکم پر قومی ٹیم ہوٹل میں ہی رہی اور میچ کھیلنے نہیں گئی، اس دوران میچ کھیلنے کا وقت آئی سی سی نے ایک گھنٹہ بڑھادیا گیا۔
پی سی بی نے اپنے حتمی فیصلے سے آئی سی سی کو آگاہ کیا جس پر آئی سی سی نے معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے جب کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے معافی مانگ جس پر پی سی بی نے قومی ٹیم کو اسٹیڈیم جانے کا گرین سگنل دیا بعدازاں دبئی کے ہوٹل میں موجود ٹیم میچ کھیلنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچی اور یو اے ای سے میچ کھیلا۔