خیبرپختونخوا حکومت نے نئے مالی سال کا بجٹ عمران خان کی مشاورت سے مشروط کردیا

0 minutes, 0 seconds Read

خیبر پختونخوا حکومت نے نئے مالی سال 26-2025 کے بجٹ کی منظوری پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی مشاورت سے مشروط کردی اور کہا کہ بجٹ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا تاہم اس کی منظوری پیٹرن ان چیف کی مشارٹ سے مشروط ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے سوشل میڈیا میں جاری بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہمیں پیٹرن ان چیف کے نظریے کی وجہ سے مینڈیٹ ملا اور اسی پر خیبر پختونخوا حکومت بنی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ فارم 47 کی جعلی حکومت پچھلے ڈیڑھ سال سے مسلسل میری عمران خان صاحب سے ملاقات میں رخنے ڈالتی آئی ہے اور حساس ترین صوبے کا وزیراعلیٰ ہونے کے باوجود صرف چند بار ہی میں اپنے لیڈر سے مل سکا ہوں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اب جب ہم مالی سال 26-2025 کا بجٹ تیار کر رہے ہیں اور ہمیں اپنے لیڈر کی رہنمائی چاہیئے، اس وقت بھی وفاقی اور پنجاب حکومتیں مجھے اپنی فنانس ٹیم کے ساتھ اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دے رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ کے حوالے سے پیٹرن ان چیف کی ہدایات واضح ہیں کہ ان کی مشاورت اور منظوری کے بغیر بجٹ پاس نہیں کیا جائے گا، کل میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں بانی چیئرمین سے ملاقات نہ کروائے جانے کے عمل کے خلاف اپنا لائحہ عمل پیش کروں گا۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بجٹ عمران خان سے ملاقات اور ان کی ہدایات شامل کرنے کے بعد ہی منظور کیا جائے گا، کل صرف آئینی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے بجٹ پیش کر کے اسمبلی اراکین کی بحث شروع کروائی جائے گی۔

موجودہ حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کیا جسے مسترد کرتے ہیں، شیخ وقاص اکرم

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ احتجاج کا فیز ون خیبرپختونخوا میں شروع ہو چکا ہے اور جلد لاہور، کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی احتجاج کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ فسطائی حکومت کے لیلی بجٹ کو ہم مسترد کرتے ہیں، اقتصادی سروے میں من گھڑت اعداد وشمارپیش کیے گئے، ہم اقتصادی سروے میں بیان کیے فگرز کو مسترد کرتے ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ امپورٹڈ وزیرخزانہ کو پاکستان کی کوئی فکر نہیں، امپورٹڈ وزیر خزانہ ایک بینکر رہ چکا ہے، شعبہ صنعت 3 سال سے تباہ حالی کا شکار ہے، 30 لاکھ پڑھے لکھے نوجوان پاکستان چھوڑ کر چلے گئے، ماں کا زیور اور زمینیں بیچ کر لوگ باہر چلے گئے، لوگ پاکستان سے مایوس ہورہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ظالم لوگ پاکستان کی تباہی کی وجہ بنے ہیں، 70 فیصد لوگ زراعت سے وابستہ ہیں، موجودہ حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کیا جسے مسترد کرتے ہیں، معیشت مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور بےروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔

Similar Posts