واٹس ایپ نے دلچسپ فیچر متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی

0 minutes, 0 seconds Read

واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نئے فیچر کی آزمائش کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین انفرادی چیٹس، گروپ چیٹس اور چینلز میں ”موشن فوٹوز“ شیئر کر سکیں گے۔

موشن فوٹوز سے مراد مختصر آڈیو اور ویڈیو کلپس ہیں جو صارفین تصویر کھینچتے وقت ریکارڈ کرکے اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔

تاہم یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی فون صارفین کے لیے اس طرح کا فیچر پہلے سے ”لائیو فوٹوز“ کی شکل میں موجود ہے اور اب میٹا کی ملکیت واٹس ایپ اسے اینڈرائیڈ صارفین تک بھی پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔

جب یہ فیچر باضابطہ طور پر لانچ ہوگا تو صارفین اسے ایپ کے ذریعے بھیجنے اور وصول کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔

فیچر کے لیے واٹس ایپ میں ایک نیا بٹن شامل کیا جائے گا جسے دبا کر صارفین موشن فوٹو یا عام تصویر شیئر کر سکیں گے۔

تاہم، جن صارفین کے فونز اس فیچر کو سپورٹ نہیں کریں گے ان کے لیے موشن فوٹوز سپورٹڈ فائل ٹائپ کے طور پر دکھائی دیں گی۔

چونکہ یہ فیچر ابھی صرف بیٹا ورژن میں چند صارفین کے لیے دستیاب ہے اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ کب تک تمام اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔

Similar Posts