اب ٹرمپ کے نام کا سکّہ چلے گا؟ ڈیزائن تیار

0 minutes, 2 seconds Read

امریکا کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر یادگاری ایک ڈالر کے سکے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر شامل کی جا سکتی ہے، جس کے ابتدائی ڈیزائنز کی تصدیق امریکی محکمہ خزانہ نے کی ہے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ برینڈن بیچ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر سکے کی تصاویر کے ردعمل میں کہا کہ، “یہاں کوئی جعلی خبر نہیں ہے۔ یہ ابتدائی ڈرافٹس امریکا کی 250ویں سالگرہ اور @POTUS کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے حقیقی ہیں۔ جیسے ہی امریکی حکومت کا رکا ہوا نظام بحال ہوتا ہے، مزید تفصیلات جلد شیئر کریں گے۔

ابتدائی خاکوں میں سکے کے اگلے حصے پر ٹرمپ کا سائیڈ پروفائل دکھایا گیا ہے، جس کے اوپر ’لبرٹی‘، نیچے ’اِن گوڈ وی ٹرسٹ‘ درج اور ساتھ ہی 1776 اور 2026 کے سال درج ہیں۔

سکے کے پچھلے حصے پر بٹلر، پنسلوانیا میں قاتلانہ حملے کے بعد ٹرمپ کی مکا لہراتے ہوئے مشہور تصویری ڈیزائن موجود ہے، جس کے پیچھے امریکی پرچم لہرا رہا ہے اور اوپر فائٹ فائٹ فائٹ درج ہے۔

تاہم اس ڈیزائن کے آفیشلی جاری ہونے کے امکانات واضح نہیں ہیں، کیونکہ امریکی قانون کے مطابق کسی موجودہ یا زندہ سابق صدر کی تصویر سکے پر دکھانا ممنوع ہے۔ امریکی قانون کے مطابق اس ذیلی دفعہ کے تحت جاری کردہ کوئی سکا کسی زندہ سابق یا موجودہ صدر کی تصویر نہیں رکھ سکتا، اور نہ ہی کسی مرحوم صدر کی وفات کے بعد دو سال کے اندر اس کی تصویر شامل کی جا سکتی ہے۔

یو ایس کانگریس نے امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر (Circulating Collectible Coin Redesign Act) منظور کیا تھا، جس کے تحت محکمہ خزانہ کو خصوصی ایک ڈالر کے سکے جاری کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اس قانون کے مطابق، ”محکمہ خزانہ کا سیکریٹری یکم جنوری 2026 سے ایک سال کی مدت میں ایسے ڈالر سکے جاری کر سکتا ہے جن کے ڈیزائن امریکا کی سالگرہ کی نمائندگی کریں۔“


AAJ News Whatsapp

تاہم، یہ بھی واضح طور پر درج ہے کہ سکے کے پچھلے حصے پر کسی شخص کی ’ہیڈ اینڈ شولڈر‘ تصویر یا مجسمہ، چاہے وہ زندہ ہو یا مردہ، شامل نہیں کیا جا سکتا، اور نہ ہی کسی زندہ شخص کی کوئی تصویر شامل ہوسکتی ہے۔

سی این این کے مطابق ابتدائی ڈرافٹ میں ٹرمپ کی سائیڈ پروفائل تصویر سکے کے اگلے حصے پر ہے، جو ممکنہ طور پر قانونی پابندی سے بچ نکلنے کی کوشش ہو سکتی ہے۔ سکے کے پچھلے حصے پر اگرچہ ٹرمپ کی تصویر موجود ہے، لیکن چونکہ یہ ”ہیڈ اینڈ شولڈر پورٹریٹ“ کے دائرے میں نہیں آتی، اس لیے اس کی قانونی حیثیت غیر واضح ہے۔

محکمہ خزانہ نے تصدیق کی ہے کہ ٹرمپ کی تصویر والے دونوں جانب کے ڈرافٹ حقیقی ہیں، لیکن حتمی ڈیزائن کا انتخاب تاحال نہیں کیا گیا۔

محکمہ کے ترجمان نے CNN کو بتایا ہے کہ، “ اگرچہ امریکا کی 250ویں سالگرہ کے یادگاری ایک ڈالر کے سکے کا حتمی ڈیزائن ابھی منتخب نہیں کیا گیا ہے، یہ ابتدائی خاکہ ہمارے ملک اور جمہوریت کی پائیدار روح کی بھرپور نمائندگی کرتا ہے، چاہے حالات کتنے ہی سنگین کیوں نہ ہوں۔“

وائٹ ہاؤس میں ایک پریس بریفنگ کے دوران جب ترجمان سے پوچھا گیا کہ کیا صدر ٹرمپ نے اس سکے کی ابتدائی تصویر دیکھی ہے، تو انہوں نے جواب دیا کہ ”مجھے معلوم نہیں کہ انہوں نے دیکھی ہیں یا نہیں، لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ اسے ضرور پسند کریں گے۔“

Similar Posts