ویمنز ورلڈ کپ: پاک بھارت میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کو اسپرے کیوں کرنا پڑا؟

0 minutes, 0 seconds Read

آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت ویمنز کے میچ کے دوران مچھروں نے کھلاڑیوں کو پریشان کردیا، بار بار میچ روکنا پڑا جب کہ پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا سمیت دیگر کھلاڑیوں کو گراؤنڈ میں اسپرے کرنا پڑا۔

یہ دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں جاری ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں مچھروں نے حملہ کر دیا جس سے کرکٹرز پریشان ہوگئیں۔

بیٹنگ کے دوران بھارتی بیٹرز بار بار مچھر بھگاتی نظرآئیں، کئی بار خلل آنے کے بعد میچ کے 34 ویں اوور کے اختتام پر 15 منٹ کے لیے روک دیا گیا۔

پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے امپائرز کو شکایت کرنے پر منتظمین نے گراؤنڈ میں مچھر مار اسپرے کروایا۔

پاکستانی بولر نشرہ سندھو نے پہلے امپائر سے رومال لے کر کیڑوں کو بھگانے کی کوشش کی لیکن مسئلہ حل نہ ہوا۔


AAJ News Whatsapp

میچ کچھ دیر جاری رہا لیکن اس کے بعد مزید مچھروں کی وجہ سے کھلاڑی پریشان ہوگئیں تو ایسے میں پاکستان کی ریزرو کھلاڑی گراؤنڈ میں اسپرے لے کر پہنچیں اور کپتان فاطمہ ثنا نے ہوا میں اسپرے کرکے مچھر بھگانے کی کوشش کی۔

ریزرو کھلاڑی ایمان فاطمہ نے پاکستانی کھلاڑی کی کیپ پر بھی اسپرے کیا لیکن اس سے بھی مسئلہ حل نہ ہوا تو کچھ دیر کے بعد میچ کو پھر روکنا پڑگیا اور انتظامیہ نے گراؤنڈ می اسپرے کیا اور میچ دوبارہ شروع ہوا۔

دوسری جانب سری لنکن محکمہ موسمیات نے آج کولمبو میں وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کررکھی ہے۔

Similar Posts