ایشز میں مایوس کن کارکردگی: انگلش کھلاڑیوں کی مبینہ نشے میں دھت ویڈیوز وائرل

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ایشیز سیریز کے دوران کھلاڑیوں کے مبینہ حد سے زیادہ شراب نوشی کے الزامات کی تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں انگلینڈ کے کھلاڑی بین ڈکٹ اور جیکب بیتھل کو آسٹریلیا میں غیر معمولی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک ویڈیو میں بین ڈکٹ کو ہوٹل کا راستہ بھولے ہوئے دکھایا گیا ہے، جہاں موجود ایک شخص طنزیہ انداز میں ان سے ٹریننگ گراؤنڈ واپس جانے کے لیے ٹیکسی کی پیشکش کرتا ہے۔

دوسری جانب جیکب بیتھل کی متعدد ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جن میں انہیں نائٹ کلب میں ویپنگ کرتے اور ایک نامعلوم شخص کے ساتھ رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان مناظر نے ایشز سیریز کے دوران ٹیم کے رویے پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مینز ٹیم کے منیجنگ ڈائریکٹر روب کی نے تصدیق کی ہے کہ ٹیم کے نووسا میں ایشز کے دوران دیے گئے وقفے میں مبینہ حد سے زیادہ شراب نوشی کی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق کوئی سنگین بدتمیزی سامنے نہیں آئی۔

روب کی کے مطابق وقفے کا مقصد کھلاڑیوں کو طویل دورے کے دوران ذہنی سکون دینا تھا، لیکن حد سے تجاوز کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سرگرمیاں زیادہ تر کھانے اور محدود مشروبات تک ہی رہیں۔

ای سی بی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مواد سے آگاہ ہیں، کھلاڑیوں کے رویے سے متعلق اعلیٰ توقعات ہیں اور حقائق سامنے آنے تک مزید تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایشز سیریز میں انگلینڈ کو شدید ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جہاں ٹیم صرف 11 دنوں کے کھیل میں تین ٹیسٹ میچز ہار کر سیریز گنوا بیٹھی۔ ناقص بیٹنگ، دباؤ میں وکٹیں گنوانا اور آسٹریلوی کنڈیشنز کے مطابق حکمت عملی نہ بنا پانا انگلینڈ کی شکست کی بڑی وجوہات قرار دی جا رہی ہیں۔

Similar Posts