بحیرہِ احمرکے ساحل پر سعودی عرب کا قائم لگژری ریڈ سی منصوبہ عالمی شہرت یافتہ شخصیات کی توجہ کا محور بن گیا ہے، جہاں فٹبال کے عالمی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی اہلیہ جارجینا روڈریگز نے سفید ریت اور نیلگوں پانیوں سے گھرے شاندار ولاز خرید کر ابتدائی خریداروں میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔
اس ریڈ سی ڈیسٹینیشن کو دنیا بھر میں لگژری اور اعلیٰ معیار کی سیاحت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ ایک وسیع سیاحتی منصوبہ ہے جو سعودی ویژن 2030 کے تحت تیار کیا گیا ہے اور تقریباً 28 ہزار مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔
اس منصوبے میں 22 قدرتی جزائر اور 6 اندرونی مقامات شامل ہیں، جہاں ایک ہزار سے زائد مہنگی رہائشی پراپرٹیز اور 50 لگژری ہوٹلز قائم کیے جا رہے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 8 ہزار سے زیادہ کمرے موجود ہوں گے۔

ان تمام مقامات میں نجوما کو خصوصی حیثیت حاصل ہے، جو دنیا بھر میں موجود صرف نو رِٹز کارلٹن ریزرو ریزیڈنسز میں شامل ہے۔ حال ہی میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی اہلیہ جارجینا روڈریگز نے یہاں موجود 19 انتہائی نجی ولاز میں سے دو ولاز خرید کر ابتدائی خریداروں میں اپنا نام شامل کروا لیا ہے۔ یہ ولاز نیلے شفاف پانیوں اور سفید ریت کے دلکش ساحلوں کے درمیان واقع ہیں، جو مکمل سکون اور پرائیویسی فراہم کرتے ہیں۔
ریڈ سی گلوبل کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق قائم لگژری مقام نجوما میں فٹبال کے عالمی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی اہلیہ جارجینا روڈریگز کی شمولیت کو ادارے نے خوش آئند قرار دیا ہے۔
ریڈ سی گلوبل کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر جان پیگانو کے مطابق، رونالڈو اور جارجینا کا یہاں جائیداد خریدنے کا فیصلہ اس بات کا مظہر ہے کہ یہ مقام اُن افراد کے لیے غیر معمولی کشش رکھتا ہے جو ایک طرف مہم جوئی اور دوسری جانب قدرتی ماحول میں اعلیٰ درجے کی سہولیات اور نجی زندگی چاہتے ہیں۔
ریڈ سی گلوبل کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق، رونالڈو اور جارجینا ریزورٹس کے 2023 میں آغاز کے بعد متعدد مرتبہ اس مقام کا دورہ کر چکے ہیں۔ ادارے کی سرکاری ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ عالمی فٹبالر نے نجوما میں دو لگژری ولاز میں سرمایہ کاری کی ہے، جن میں ایک دو بیڈ رومز پر مشتمل ولا نجی تعطیلات کے لیے جبکہ دوسرا تین بیڈ رومز والا ولا خاندانی وقت گزارنے کے لیے خریدا گیا ہے۔

ابتدائی خریداروں میں شامل ہونے والے اس جوڑے کو جزیرے کی مکمل پرائیویسی اور قدرتی حسن نے خاص طور پر متاثر کیا ہے، اور اب وہ اس منصوبے میں مزید سرمایہ کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو کے مطابق سعودی عرب کا ریڈ سی علاقہ ایک غیر معمولی اور دل کو چھو لینے والی جگہ ہے، جہاں قدرتی حسن انسان کو ذہنی سکون فراہم کرتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جب وہ اور جارجینا پہلی بار اس جزیرے پر پہنچے تو فوراً ہی اس ماحول سے ایک گہرا تعلق محسوس ہوا۔ اب یہاں مستقل رہائش حاصل کرنے کے بعد انہیں یہ سہولت حاصل ہو گئی ہے کہ وہ جب چاہیں اپنے خاندان کے ساتھ مکمل خاموشی، تحفظ اور نجی ماحول میں وقت گزار سکیں۔
سعودی عرب میں ریڈ سی سیاحتی منصوبے کا اعلان جولائی 2017 میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کیا تھا۔ یہ منصوبہ صوبہ تبوک میں اُملُج اور الوجہ کے درمیان واقع ہے اور بحیرہِ احمر کے ساتھ تقریباً 200 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی پر پھیلا ہوا ہے۔ اس علاقے میں صحرا، ریتیلے ساحل، پہاڑی سلسلے، آتش فشانی خطے اور 90 سے زائد قدرتی جزائر شامل ہیں، جنہیں ان کی اصل حالت میں محفوظ رکھا گیا ہے۔

ریڈ سی منصوبے کے تحت مختلف عالمی معیار کے ریزورٹس مرحلہ وار مہمانوں کے لیے کھولے گئے۔ سب سے پہلے سکس سینسز سدرن ڈونز نے نومبر 2023 میں آغاز کیا، جس کے بعد 2024 میں سینٹ ریجس، نجوما (رِٹز کارلٹن ریزرو)، شیبارا ریزورٹ اور ڈیزرٹ راک ریزورٹ کھولے گئے، جبکہ 2025 میں شورا آئی لینڈ پر مزید ریزورٹس کا اضافہ متوقع ہے۔
ریڈ سی ڈیسٹینیشن کو عالمی سطح پر لگژری سیاحت کا نیا مرکز سمجھا جا رہا ہے، جہاں ریزورٹس اور ولاز کے ساتھ ساتھ شاپنگ ایریاز، اعلیٰ درجے کے ریسٹورنٹس، گالف کورس اور ثقافتی سرگرمیوں کے مراکز بھی موجود ہیں۔
ریڈ سی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بدولت یہ مقام جدہ، ریاض، دوحہ، دبئی اور میلان جیسے بڑے شہروں سے براہِ راست منسلک ہے، جس کے باعث تین گھنٹوں کے سفر کے اندر تقریباً 25 کروڑ افراد یہاں پہنچ سکتے ہیں، جبکہ آٹھ گھنٹوں کے سفر کے دائرے میں دنیا کی بڑی آبادی اس سیاحتی مقام تک رسائی حاصل کر سکتی ہے۔