ویمنز ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو 88 رنز کے بڑے مارجن سے روند ڈالا

0 minutes, 0 seconds Read

آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو 88 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی، میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔

کولمبو میں کھیلے جانے والے ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے اہم میچ میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ویمنز ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 247 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تاہم بھارت کے 248 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 43 اوورز میں 159 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

بھارت کی بیٹنگ

بھارتی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز پراتیکا راول اور سمرتی مندھانا نے کیا، پاکستان کے خلاف بھارت کی پہلی وکٹ 48 رنز جب کہ دوسری وکٹ 67 رنز پر گری، سمرتی مندھانا 23 رنزبنا کر آؤٹ ہوئیں جب کہ پراتیکا راول 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔

بھارت کو تیسرا نقصان 106 پر اٹھانا پرا جب بھارتی کپتان ہرمن پریت کور 19 رنز بنا کر ڈیانا بیگ کا شکار بنیں جب کہ 151 کے مجموعی اسکور پر ہرلین دیول بھی 46 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئی۔

159 کے اسکور پر جمیما روڈریگز 32 رنز پر نشارہ سندھو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں، اس کے علاوہ دیپتی شرما نے 25 اور سنہ رانا نے 20 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ وکٹ کیپر بلے باز رچا گھوش نے جارحانہ انداز اپنایا اور 35 رنز ناٹ آؤٹ بنائے جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

اس طرح بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم 50 ویں اوور کی آخری گیند پر 247 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، ایک روزہ کرکٹ میں بھارتی ٹیم پاکستان ویمن کے خلاف پہلی بار آل آؤٹ ہوئی ہے۔ اور یوں پاکستان ویمنز ٹیم کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دے دیا۔

قومی ویمنز ٹیم کی جانب سے ڈیانا بیگ سب سے کامیاب بولر رہیں، انہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاطمہ ثنا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں صرف 38 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے علاوہ سعدیہ اقبال نے بھی 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ رمین شمیم اور نشارہ سندھو نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

میچ کا ٹاس

سری لنکا کے شہر کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں بھارتی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس کے لیے سکہ اچھالا، پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے ہیڈز کال کیا جو درست ثابت ہوا، یوں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

بھارت کی ویمنز ٹیم نے بھی مینز ٹیم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہینڈ شیک نہیں کیا، ٹاس کے بعد دونوں ٹیموں کی کپتان نے پریزنٹر سے گفتگو کی تاہم بھارتی ویمنز ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا کے ساتھ روایتی مصافحہ نہیں کیا۔

ٹاس کے بعد پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ موسم سازگار ہے اور پچ پر معمولی نمی موجود ہے، ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور ہم آج اچھا کھیل پیش کریں گے، وہ آج اپنی منصوبہ بندی کو بہتر انداز میں عملی جامہ پہنانا چاہتی ہیں، اگر بھارت کو 250 سے کم پر روکا لیا تو ہدف حاصل کرنا ممکن ہوگا۔

فاطمہ ثنا نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، عمیمہ سہیل کی جگہ صدف شمس کو شامل کیا گیا ہے۔

بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے کہا کہ ہم مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آ رہے ہیں، آج بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، جب وہ آخری بار یہاں آئی تھیں تو وہ ایک اچھی ٹرائی سیریز تھی اور اب مقصد مثبت رہنا اور معیاری کرکٹ کھیلنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں باامر مجبوری ایک تبدیلی کی گئی ہے کیوں کہ امانجوت کی طبیعت ناساز ہے، ان کی جگہ رینوکا کو شامل کیا گیا ہے، ہرمن پریت نے کہا کہ یہ ٹیم بہت اچھی ہے اور کھلاڑیوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کی ٹیم میں منیبہ علی، صدف شمس، صدرا امین، عالیہ ریاض، نتالیہ پرویز، فاطمہ ثنا (کپتان)، رامین شمیم، ڈیانا بیگ، صدرا نواز (وکٹ کیپر)، نشرا سندھو اور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔

بھارت کا اسکواڈ

بھارتی ٹیم سمرتی مندھانا، پراتیکا راول، ہرلین دیول، ہرمن پریت کور (کپتان)، جمیما روڈریگز، دیپتی شرما، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، سنہ رانا، کرانتی گود، شری چرنی اور رینوکا سنگھ پر مشتمل ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو ایونٹ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ بھارت آج اپنا پہلا میچ کھیل رہا ہے۔

دوسری جانب کہ محکمہ موسمیات نے آج کولمبو میں دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے، جس کے باعث ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں آج پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، میچ کے دوران بھی کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ کولمبو میں گزشتہ روز بھی مسلسل بارش کا سلسلہ جاری رہا تھا جس کے باعث سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان میچ ختم کر دیا گیا تھا۔

Similar Posts