دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ”بِٹ کوائن“ نے اتوار کو تاریخ کی نئی بلند ترین سطح چھو لی۔ عالمی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 12 منٹ پر بِٹ کوائن 2.7 فیصد اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 25 ہزار 245 ڈالر پر ٹریڈ ہو رہا تھا۔
بِٹ کوائن کی یہ مالیت اب تک کی سب سے بڑی ہے، جس نے اگست کے وسط میں بننے والا 1 لاکھ 24 ہزار 480 ڈالر کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ”رائٹرز“ نے تجزیہ کاروں کے حوالے سے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کی جانب سے کرپٹو کرنسی کے لیے نرم ضوابط اور بڑے سرمایہ کار اداروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی نے بِٹ کوائن کی قیمت کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جمعے کے روز بِٹ کوائن مسلسل آٹھویں دن بڑھتا دیکھا گیا، جس کی ایک بڑی وجہ امریکی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی اور بٹ کوائن سے منسلک ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs) میں سرمایہ کاری کا بڑھتا ہوا رحجان ہے۔
دوسری جانب امریکی ڈالر جمعے کو کمزور نظر آیا اور بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں کئی ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت کے ممکنہ ”شٹ ڈاؤن“ اور اہم معاشی اعداد و شمار جیسے روزگار کی رپورٹ میں تاخیر کے باعث سرمایہ کاروں میں غیر یقینی کی کیفیت پیدا ہوئی ہے، جس سے ڈالر دباؤ کا شکار ہوا۔
مالیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو بِٹ کوائن آئندہ ہفتوں میں مزید ریکارڈ قائم کر سکتا ہے۔