پاکستانی معیشت کے بارے میں امریکی جریدے بلوم برگ نے کہا ہے کہ پاکستان اُن چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے دیوالیہ ہونے کے خدشات میں سب سے بڑی کمی دکھائی ہے اور تمام خدشات دم توڑ گئے ہیں، پاکستان کی کارکردگی دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں دوسرے نمبر پر ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوم برگ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں دیوالیہ ہونے کے خدشات میں خاطرخواہ کمی ہوئی اور مسلسل بہتری دکھانے والا واحد ملک بن گیا ہے، پاکستان اُن چند ممالک میں شامل ہے، جنہوں نے دیوالیہ ہونے کے خدشات میں بڑی کمی دکھائی ہے۔
بلومبرگ کے مطابق پاکستان کی کارکردگی دنیا بھر کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں دوسرے نمبر پر رہی ہے، معیشت میں صرف ترکی پاکستان سے آگے ہے۔
گزشتہ 15 مہینوں (جون 2024 سے ستمبر 2025 تک) میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے امکانات میں 2200 پوائنٹس کی نمایاں بہتری آئی۔ یہ پاکستان کی پائیدار معاشی بہتری کا ثبوت ہے کیوں کہ ملک وہ واحد معیشت ہے جس نے ہر سہ ماہی میں مسلسل بہتری دکھائی ہے۔
اس کے برعکس جنوبی افریقہ، ایل سلواڈور اور دیگر ممالک میں بہتری بہت کم رہی جب کہ مصر، نائیجیریا اور ارجنٹائن جیسے ممالک میں خطرات مزید بڑھے ہیں، یہ بہتری اس بات کی علامت ہے کہ سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
اس کے اہم عوامل میں معاشی استحکام،ڈھانچہ جاتی اصلاحات،قرضوں کی بروقت ادائیگی، آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد اور بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں (ایس اینڈ پی،فج،موڈیز) کی مثبت درجہ بندیاں شامل ہیں جو سرمایہ کاروں کے لیے پیغام ہیں کہ پاکستان اب دیوالیہ ہونے کے خدشات سے نکل کر ایک مستحکم، پُراعتماد اور اصلاحات پر گامزن ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔