سیلفی کے لیے حفاظتی رسّی کھولنے والا کوہ پیما کھائی میں جا گرا، ویڈیو وائرل

0 minutes, 15 seconds Read

چین کے صوبہ سیچوان میں واقع ناما پہاڑ کی چوٹی کے قریب ایک کوہِ پیما کی خوفناک حادثے میں موت واقع ہوگئی ہے۔ المناک حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق کوہ پیما نے مبینہ طور پر گروپ سیلفی لینے کے لیے اپنی حفاظتی رسی کھولی جس کے بعد اس کا توازن بگڑا اور وہ پھسلتا ہوا ڈھلوان کی طرف گیا جس کے بعد وہ موت کے منہ میں چلا گیا۔ نوجوان کوہ پیما کی شناخت 31 سالہ ہانگ کے نام سے ہوئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہانگ 25 ستمبر کو پانچ ہزار 588 میٹر بلند اس پہاڑ کی چڑھائی کرنے والے ایک ہائیکنگ گروپ کا حصہ تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق، جب وہ تصویریں لینے کے لیے ایک دراڑ کے قریب گیا تو اس نے اپنی حفاظتی رسی ہٹا کھول دی تھی اور برف پر چلنے والے کلہاڑے کا استعمال بھی نہیں کیا تھا جس کی وجہ سے وہ حادثے کا شکار بن گیا۔

ہانگ برفانی پہاڑی سے تقریباً 200 میٹر نیچے پھسل کر ہلاک ہوا۔ سوشل میڈیا پر آنے والی ویڈیو میں وہ لمحہ دکھایا گیا ہے جب وہ پہاڑی کے کنارے سے نیچے گر کر غائب ہوگیا تھا۔

واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچیں تاہم ہانگ کی موت کی جلد ہی تصدیق کر دی گئی تھی اور لاش بعد میں قریبی گونگا ماؤنٹین ٹاؤن منتقل کر دی گئی تھی۔


AAJ News Whatsapp

ہانگ کے چچا زاد بھائی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یہ ہانگ کی پہلی کوشش تھی کہ وہ پہاڑ پر چڑھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس نے دوسروں کی تصاویر لینے میں مدد کے لیے حفاظتی رسی کھول دی تھی، اور ممکنہ طور پر اپنے ہی کرامپونز (برف پر چلنے کے لیے جوتوں پر لگے دھات کے کیل) پر ٹھوکر کھا کر گر گیا تھا۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ہانگ کے گروپ نے چڑھائی کے لیے ضروری اجازت نامے حاصل نہیں کیے تھے اور نہ ہی حکام کو اطلاع دی تھی۔

کانگڈنگ میونسپل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس بیورو کے مطابق گروپ نے بنیادی حفاظتی قواعد کی بھی خلاف ورزی کی۔ ایک اہلکار نے بتایاکہ اگر کرامپونز نہیں ہٹائے گئے ہوتے اور رسی نہیں کھولی جاتی، تو یہ حادثہ شاید نہ پیش آتا۔“

Similar Posts