ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت کی ایشیائی ترقیاتی بینک، امریکی ایگزم بینک ودیگر عالمی مالیاتی اداروں کے تعاون سے ریکوڈک میں کان کنی کے لیے 3ارب 50کروڑ ڈالر کی فنڈنگ کو حتمی شکل دینے،آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی اگلی قسط سمیت کلائمیٹ فنانسنگ منظور ہونے کی توقعات کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔
انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا، جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 28پیسے کی کمی سے 16ماہ کے طویل دورانیے کے بعد ڈالر کی قیمت 281روپے سے نیچے بھی آگئی تھی لیکن معیشت میں طلب بڑھنے سے ڈالر کی مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔
مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 04پیسے کی کمی سے 281 روپے 21پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 05پیسے کی کمی سے 282روپے 25پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔