کروڑوں روپوں کا فراڈ کیس؛ اداکارہ شلپا شیٹی کے گرد گھیرا تنگ

0 minutes, 0 seconds Read
بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی سے ممبئی پولیس کی اکنامک آفینس وِنگ نے 60 کروڑ روپے کے مبینہ مالیاتی فراڈ کیس میں 4 سے 5 گھنٹے تک تفصیلی پوچھ گچھ کی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شلپا شیٹی پر الزام ہے کہ وہ اپنے شوہر راج کنڈرا کے فراڈ پر مبنی بزنس کے اس منصوبے میں براہِ راست یا بالواسطہ طور پر شریک جرم تھیں۔

جس کے تحت کئی سرمایہ کاروں سے بھاری رقم اکٹھی کی گئی۔ تاہم، مبینہ اسکیم وعدے کے مطابق عملی شکل اختیار نہ کرسکی اور سرمایہ کاروں نے پولیس سے رجوع کیا۔

ذرائع کے مطابق شلپا شیٹی سے ان کے مالی تعلقات، کمپنی کے لین دین اور سرمایہ کاری کے معاہدوں کے حوالے سے درجنوں سوالات پوچھے گئے۔

پولیس نے اداکارہ کے بیان کو ریکارڈ کر لیا اور اب ان کے شوہر راج کنڈرا کو بھی تفتیش کے لیے دوبارہ طلب کیا جا سکتا ہے تاکہ کیس کے اہم نکات پر مزید روشنی ڈالی جا سکے۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب راج کنڈرا کسی تنازع کا شکار ہوئے ہوں۔ اس سے قبل وہ آن لائن فحش مواد کے کیس میں بھی گرفتار ہوچکے ہیں، جس کے بعد انہیں کافی عرصے تک عدالتی کارروائی کا سامنا رہا۔

فی الحال ممبئی پولیس کیس کی مزید تحقیقات کر رہی ہے، اور اس بات کا فیصلہ تاحال باقی ہے کہ آیا شلپا شیٹی کے خلاف براہِ راست قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی یا نہیں۔

 

Similar Posts