بھارتی فلم ساز جنسی ہراسانی، شراب پلا کر نجی ویڈیوز بنانے کے الزامات پر گرفتار

0 minutes, 0 seconds Read
بھارت کے فلم ساز ہیمنتھ کمار کے خلاف ٹی وی اداکارہ کی جانب سے جنسی ہراسانی، نشہ آور چیز ملا شراب پلانے، نجی ویڈیوز ریکارڈ کرنے اور بلیک میلنگ کے الزامات کے تحت شکایت درج کرائی گئی، جس کے بعد فلم ساز کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بنگلورو سے تعلق رکھنے والے فلم ساز ہیمنتھ کمار  کے خلاف اداکارہ نے  جنسی ہراسانی، دھوکا دہی اور دھمکیوں کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ راجاجی نگر پولیس نے فلم ساز ہیمنتھ کمار کو اداکارہ کی شکایت کی بنیاد پر گرفتار کرلیا ہے اور تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پر اداکارہ کے حوالے سے بغیر رضامندی کے توہین آمیز پوسٹس جاری رکھتے ہوئے عدالت احکامات کی خلاف ورزی بھی کی ہے۔

فلم ساز کو ریمانڈ پر عدالتی تحویل میں دیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔

اداکارہ نے درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ فلم ساز نے نشہ آور چیز ملا کر شراب پلائی، نجی ویڈیوز ریکارڈ کیا اور انہیں بلیک میل کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ 2023 میں ممبئی میں ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران پیش آیا تھا۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ ہیمنتھ کمار نے 2022 میں انہیں فلم رچی میں لیڈ رول کی پیش کش کی اور دو لاکھ روپے پر معاہدے دستخط ہوئے اور 60 ہزار بھارتی روپے ایڈوانس دیے جبکہ شوٹنگ میں تاخیر کی وجہ سے فلم ساز نے مبینہ طور پر عریاں لباس پہننے اور فحش مناظر ریکارڈ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ جب یہ سب کچھ کرنے سے انکار کیا تو فلم ساز نے انہیں اور ان کی والدہ کو ڈرانے کے لیے دھمکیاں دینا شروع کیا۔

اداکارہ نے ہیمنتھ کمار پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے مشروب پر نشہ آور چیز ملائی اور بغیر رضامندی کے ریکارڈنگ کی اور ویڈیوز کو انہیں بلیک میل کرنے کے لیے استعمال کرتے رہے اور فلم میں نازیبا مناظر ریکارڈ کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے رہے۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ہیمنتھ کمار نے میری مرضی کے بغیر فلم کی شوٹنگ کے دوران ریکارڈ کی گئی کلپس بغیر سینسر کے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا اور یہاں تک ان کی ذاتی معلومات بھی پبلک کردی۔

ہیمنتھ کمار کناڈا فلم انڈسٹری میں ابھرتے ہوئے فلم ساز کے طور پر جانے جاتے ہیں اور انہوں نے فلموں میں بطور ڈائریکٹر کام کیا اور اچھے کہانی کار مانے جاتے ہیں، انہوں نے ریجنل فلموں میں کام کیا ہے اور وہ انڈسٹری میں نئے موضوعات اور اسکرین پر بولڈ مناظر دیکھانے کے حامی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہیمنتھ کمار ہ ساؤتھ کی فلمی دنیا میں بتدریج اپنی ساکھ مضبوط کر رہے ہیں اور  کہانی سنانے کے منفرد انداز کی وجہ سے توجہ حاصل کر رہے ہیں۔

Similar Posts