کراچی کے ڈاکٹرز کا کارنامہ، دل اور پھیپھڑے ناکارہ ہونے کے باوجود نوجوان کی زندگی بچالی

پاکستانی ڈاکٹرز نے ملکی تاریخ میں پہلی بار 9 دن کی جدوجہد کے بعد ایک ایسے مریض کی جان بچالی ہے جس کا دل اور پھیپڑے ناکارہ ہوگئے تھے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں قائم این آئی سی وی ڈی کے طبی ماہرین نے پاکستان میں پہلی بار مریض کو دل اور پھیپھڑوں کے ناکارہ ہونے پر نو دن جدید ترین مشین ای سی ایم او پر رکھا گیا

طبی ماہرین نے یہ پیچیدہ عمل کامیابی سے انجام دیا، جس کے بعد مریض صحتیاب ہو گیا ہے۔

یہ کامیابی اُس وقت ممکن ہوئی جب دل کے آپریشن کے بعد ایک نوجوان مریض کے دل اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کر دیا تھا اور این آئی سی وی ڈی کی ماہر ٹیم نے بیک وقت وی اے ایکمو (VA ECMO) اور وی وی ایکمو(VV ECMO) کا استعمال کرتے ہوئے مریض کی زندگی بچائی۔

ترجمان این آئی سی وی ڈی نے بتایا کہ ایک لائف سپورٹ مشین ہے جو خون کو آکسیجن دے کر اور کاربن ڈائی آکسائیڈ نکال کر دل اور پھیپھڑوں کا کام عارضی طور پر سنبھالتی ہے۔

یہ پیچیدہ کارڈیک سرجری ڈاکٹر علی رضا مانگی کی سربراہی میں انجام دی گئی، جس میں این آئی سی وی ڈی کی ماہر اور مستعد ایکمو ٹیم نے دن رات محنت کر کے ایک نوجوان مریض کو نئی زندگی دی۔

مریض کا تعلق کراچی سے ہے اور اس کا علاج مکمل طور پر مفت کیا گیا۔

این آئی سی وی ڈی کی دل کے امراض کے علاج میں جدید ترین سہولیات مفت فراہم کر رہا ہے اور پاکستان میں کارڈیک انوویشن (Cardiac Innovation) میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

Similar Posts