اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں بعض حلقوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہوں اور غلط معلومات کا مقصد تحریک انصاف کے اندر بے چینی پیدا کرنا ہے، لیکن ایسی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم عمران خان کے وژن اور عوامی خدمت کے مشن کے لیے متحد اور یکسو ہیں۔ ہمارے قائد ناحق قید میں ہیں اور ان کی رہائی ہمارا عوامی مینڈیٹ ہے۔
بابر سلیم سواتی کا کہنا تھا کہ پارٹی کے تمام کارکن اور قیادت، فیصلوں کی مکمل پابندی کرتے ہیں اور کسی بھی قسم کی غیر منظم سرگرمی یا انتشار کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ منظم جدوجہد اور نظم و ضبط کے ذریعے ہی ہم اپنے کپتان کی رہائی اور تحریک انصاف کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو تقسیم کرنے کی تمام کوششیں دراصل عمران خان مخالف قوتوں کا آخری حربہ ہیں مگر تحریک انصاف کا اتحاد، نظم و ضبط، اور حقائق پر مبنی مؤقف ہی اس کی اصل طاقت ہے۔