یہ بین الاقوامی تجارتی نمائش 29 ستمبر سے 1 اکتوبر 2025 تک کینیڈا کے شہر مسسساگا میں منعقد ہوئی۔
ایپریل ٹیکسٹائل سورسنگ شو کینیڈا کی ملبوسات اور ٹیکسٹائل صنعت کے لیے ایک نمایاں بین الاقوامی پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے، جس میں شمالی امریکہ، ایشیا اور دیگر خطوں سے بڑی تعداد میں شرکاء حصہ لیتے ہیں۔
رواں سال کی نمائش میں پاکستان، چین، بنگلہ دیش، ویتنام، کینیڈا اور دیگر کئی ممالک کے نمائندے شریک ہوئے جس سے یہ ایونٹ عالمی تجارتی مواقع اور نیٹ ورکنگ کا ایک متحرک مرکز بن گیا۔
پاکستانی وفد نے کھیلوں کے ملبوسات، ٹیکنیکل ٹیکسٹائل، اور حفاظتی کپڑوں سمیت کئی ویلیو ایڈڈ اور ماحول دوست مصنوعات پیش کیں، جو ملک کی بڑھتی ہوئی تکنیکی مہارت اور پائیدار پیداوار کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہیں۔
تین روزہ نمائش کے دوران پاکستانی شرکاء کو بین الاقوامی خریداروں اور صنعت سے وابستہ دیگر اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے حوصلہ افزا ردعمل موصول ہوا، جو پچھلے برسوں کی نسبت زیادہ مثبت رہا۔
اس موقع پر شمالی امریکہ میں ابھرتے ہوئے رجحانات، بالخصوص ماحول دوست اور اخلاقی طور پر تیار کردہ ٹیکسٹائل مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ سے متعلق قیمتی معلومات بھی حاصل ہوئیں۔