بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ ضلع بیلاس پور کے قریب پہاڑی علاقے میں پیش آیا جب اچانک پہاڑ کا بڑا حصہ زمین پر آ گرا۔
بدقسمتی سے عین اسی وقت ایک مسافر بس بھی وہاں سے گزر رہی تھی جو مٹی کے تودے کے ساتھ کھائی میں گری اور ملبے تلے دب گئی۔
دشوار گزار راستوں اور موسم کی خرابی کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ دو درجن کے قریب مسافروں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کے بعد 15 مسافروں کو مردہ حالت میں لایا گیا جب کہ 3 نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اب بھی کچھ مسافر ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے اور ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری کی مدد سے مٹی اور پتھروں کو ہٹا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ایک اور ریاست مغربی بنگال میں بھی طوفانی بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات میں 24 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
پہ در پہ ہونے والے ان واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کے مختلف حصے اس وقت شدید موسمی حالات اور بارشوں کے نتیجے میں غیر معمولی خطرات سے دوچار ہیں۔