آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستانی بولر نشرہ سندھو نے پاکستان کے لیے نئی تاریخ رقم کردی، جہاں انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں، جس کے بعد وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئیں۔
نیوز بائٹس کے مطابق تجربہ کار پاکستانی اسپنر نشرا سندھو نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے نویں میچ میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے لیے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
کولمبو میں کھیلے جارہے اس میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم ایک موقع پر صرف 76 رنز پر 7 وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی، جہاں نَشرا سندھو نے تباہ کن اسپیل کے ذریعے مخالف بلے بازوں کو مشکلات میں ڈال دیا۔
مگر لوئر آرڈر بلے بازوں نے مزاحمت کی اور بیتھ مونی کی شاندار 109 رنز کی اننگز کی بدولت آسٹریلوی ٹیم اپنی اننگز 50 اوورز میں 221 رنز بنا کر 9 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کرسکی۔
پاکستانی اسپنر نشرہ سندھو نے بدھ کو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
13ویں اوور میں جب نَشرا کو اٹیک پر لایا گیا تو آسٹریلیا کی بیتھ مُنی نے انہیں چوکے سے خوش آمدید کہا مگر سندھو نے جلد ہی کم بیک کرتے ہوئے اسی اوور کی پانچویں گیند پر ایلیس پیری کو چکمہ دے کر اسٹمپ کرا دیا۔
اپنے اگلے اوور میں انہوں نے انا بیل سدرلینڈ کو بولڈ کر کے دوسری کامیابی حاصل کی جب کہ 21 ویں اوور میں تالیہ میک گرا کو محض 5 رنز پر پویلین کی راہ دکھا کر اپنی تیسری وکٹ مکمل کی۔
اس طرح نشرا سندھو نے میچ میں 10 اوورز میں 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، آسٹریلیا کے خلاف 3 وکٹیں لینے کے بعد نشرہ سندھو اب آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئیں۔
نشرہ سندھو نے ورلڈ کپ کے 16 میچوں میں سب سے زیادہ 20 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کی سابق کپتان ثنا میر کے پاس تھا، جنہوں نے ورلڈکپ کے 18 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرہ نے ندا ڈار کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے اور ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں وہ پاکستان کی جانب سے مشترکہ طور پر دوسری سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئی ہیں۔
دونوں کھلاڑیوں نے ون ڈے میں 108،108 وکٹیں حاصل کیں۔ ویمنز ون ڈے انٹرنیشنلز میں نشرا سندھو نشرہ نے یہ سنگ میل 78 میچوں میں حاصل کیا جب کہ ندا ڈار نے 112 میچوں میں 108 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کے لیے ون ڈے فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں ثنا میر کے نام ہیں، جنہوں نے 120 میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کیں۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق کے مطابق، آسٹریلیا ویمنز ٹیم کے خلاف نشرا سندھو نے 7 میچز میں 40.87 کی اوسط کے ساتھ 8 وکٹیں حاصل کی ہیں، یہ میچ ان کے کیریئر کا آسٹریلیا کے خلاف بہترین بولنگ اسپیل ثابت ہوا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کیلئے 222 رنز کا ہدف دیا۔