اسرائیل اور حماس جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچ گئے؛ عرب میڈیا کا دعویٰ

0 minutes, 0 seconds Read
اسرائیل اور حماس کے درمیان مصر میں جاری بالواسطہ مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے جس میں فریقین ایک ابتدائی معاہدے پر پہنچ سکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے العربیہ کے مطابق ایک اسرائیلی ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ مذاکرات “احتیاط مگر مثبت انداز” میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ پہلے مرحلے پر اتفاق نہایت قریب ہے۔

ایک فلسطینی ذریعے نے تصدیق کی کہ مذاکرات میں باقی ماندہ 48 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے میں تقریباً 2,000 فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر تقریباً اتفاق ہوچکا ہے۔

ذرائع نے مزید کہا ہے کہ مذاکرات اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں اور جلد ہی کسی باضابطہ اعلان کی توقع کی جا رہی ہے۔

اسی دوران اسکائی نیوز عربیہ نے دعویٰ کیا کہ مذاکرات کے پہلے پر اتفاق کے لیے امریکی مداخلت اس وقت بڑھ گئی جب اسے قطر اور مصر کی جانب سے زمینی حالات پر “مثبت اشارے” موصول ہوئے۔

ترک وزیر خارجہ کا بھی کہنا ہے کہ فریقین کے باضابطہ اتفاق کے بعد آج شام تک جنگ بندی کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس کے غیر مسلح ہونے اور جنگ کے بعد غزہ کے انتظامی ڈھانچے سے متعلق معاملات پر بات چیت بعد کے ادوار میں کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ صدر ٹرمپ تمام فریقوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں تاکہ مذاکرات جلد کسی نتیجے تک پہنچ سکیں۔

 

Similar Posts