خون سفید ہوگیا؛ زمین کی خاطر اکلوتے بیٹے کا بوڑھے ماں باپ پر بہیمانہ تشدد

تھانہ جاتلی کے علاقے گورسیاں میں زمین کی خاطر  اکلوتے بیٹے نے بوڑھے والدین پر  بہیمانہ تشدد کیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔

بیٹے کے مظالم سے دل برداشتہ ضعیف والدین کا ویڈیو بیان وائرل  ہوگیا، جس کے سامنے آنے پر سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے نوٹس  لیتے ہوئے ایس ایچ او جاتلی جمال نواز کو مقدمہ درج کرکے ملزم کو فوری گرفتار کرنے کا حکم  دیا۔

بعد ازاں جاتلی پولیس نے ناخلف ملزم بیٹےمحمد اخلاق کو گرفتار کرلیا ۔

متاثرہ خاتون مسماۃ خالدہ نور نے  کہا کہ میں ایک گھریلو خاتون ہوں، ایک بیٹا محمد اخلاق ہے اور ایک بیٹی تھی   جوفوت ہوچکی ہے  ۔  بیٹا محمد اخلاق مجھ پر اور میرے خاوند نور حسن پر آئے روز تشدد کرتا ہے ۔ تمام پیسے اور بیٹی کا زیور بھی چھین لیا۔ بہو پستول سر پر لے کر کھڑی رہی۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں 2 دن تک گھر کے کمرے میں بند رکھا گیا، پھر تیسرے دن  ہم دونوں کو گھر سے نکال دیا ، اب ہم کسی اور کے گھر میں رہ رہے ہیں۔ بیٹا دھمکی دیتا ہے اور کہتا ہے زمین میری بیوی کے نام کرو، ورنہ مجھ سے مار کھاتے رہو گے جبکہ میرے خاوند نے  زمین مسجد کے لیے دے رکھی ہے، جس کا میرے بیٹے کو رنج ہے۔

والدہ نے کہا کہ ہمارے بیٹے نے ہم پر تشدد کرکے  کمرے میں بند رکھ کر اور زمین اپنی بیوی کے نام کرانے کے لیے دھمکیاں دے کر سخت زیادتی کی ہے ۔ بیٹے کے خلاف قانونی کارروائی کرکے ہماری داد رسی کی جائے۔

دوسری جانب جاتلی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے والدین پر تشدد کرکے گھر سے نکالنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے ناخلف بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایس پی صدر انعم شیر کا کہنا ہے کہ زیر حراست شخص کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ والدین پر تشدد یا ناروا سلوک افسوس ناک ہے۔

Similar Posts