پاکستانی کوہ پیما اسد علی میمن نے اوشیانا کی سب سے بلند چوٹی سر کر کے عالمی سطح پر مشہور سیون سمٹس چیلنج مکمل کر لیا۔
سات براعظموں میں سات سال کی محنت اور سفر کے بعد یہ کامیابی نہ صرف اسد علی میمن کے لیے بلکہ پاکستان اور عالمی کوہ پیمائی کے شعبے کے لیے بھی ایک تاریخی لمحہ ثابت ہوئی ہے۔
سیون سمٹس چیلنج میں دنیا کی سات بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنا شامل ہے اور اسد علی میمن کے اس کارنامے نے پاکستانی پرچم کو عالمی سطح پر بلند کر دیا ہے۔
یہ کامیابی اسد علی میمن کی عزم، حوصلے اور عالمی کوہ پیمائی میں پاکستان کی نمایاں موجودگی کا مظہر ہے۔
اپنی کامیابی کے بعد اوشیانا کی چوٹی سے پاکستانی پرچم تھامے ایک ویڈیو پیغام میں اسد علی میمن نے کہا کہ وہ اس وقت ساتویں براعظم کی بلند ترین چوٹی پر موجود ہیں اور یوں وہ مشن جو سات برس قبل شروع کیا گیا تھا، آج مکمل ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ”میں نے اپنا پرچم لہرایا ہے اور میں فخر سے کہتا ہوں، پاکستان زندہ باد، پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔“
اسد علی میمن نے مزید کہا کہ وہ آئندہ بھی پاکستان کے لیے ایسی کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے جو ملک، عوام اور ہم وطنوں کے لیے فخر کا باعث ہوں۔
انہوں نے عوام سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ”میں نے اپنا مقصد حاصل کر لیا، اب آنے والے کوہ پیماؤں کو بھی آپ لوگ اسی طرح سپورٹ کیجیے، جیسے آپ نے مجھے سپورٹ کیا۔“