پاکستان میں آج بھی سونا 8400 روپے مہنگا، عالمی مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم

0 minutes, 0 seconds Read

سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد مقامی اور عالمی مارکیٹوں میں سونا تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

عالمی منڈی میں سونا 84 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 39 ڈالر فی اونس پر جا پہنچا، جو اب تک کی بلند ترین قیمت قرار دی جا رہی ہے۔

جس کے بعد پاکستانی مارکیٹ میں بھی سونا ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ آل پاکستان جویلرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 8 ہزار 400 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 25 ہزار 178 روپے اور 10 گرام سونا 7 ہزار 202 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 64 ہزار 521 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا ہے۔

ماہرین کے مطابق سرمایہ کار موجودہ کشیدہ حالات میں سونا خرید کر اپنے پیسے کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔ امریکا میں شرحِ سود میں مزید کمی کی توقعات نے بھی سونے کی قیمت کو اوپر دھکیلا ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق عالمی منڈی میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.7 فیصد بڑھ کر 4011 ڈالر فی اونس جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت 4033 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی ہے۔

سونے کی عالمی قیمت میں 2025 کے آغاز سے اب تک 53 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ اگر یہی رجحان جاری رہا تو اگلا بڑا ہدف پانچ ہزار ڈالر فی اونس ہوسکتا ہے۔


AAJ News Whatsapp

تجزیہ کاروں کے مطابق سونے کی قیمت بڑھنے کی اہم وجوہات میں عالمی قرضوں میں اضافہ، سیاسی بے چینی، ڈالر کی کمزوری اور مرکزی بینکوں کی جانب سے سونا خریدنا شامل ہیں۔

امریکا میں جاری حکومتی شٹ ڈاؤن نے بھی سرمایہ کاروں کو پریشان کر رکھا ہے، کیونکہ اس کی وجہ سے اہم معاشی رپورٹس تاخیر کا شکار ہیں۔ اب مارکیٹ یہ توقع کر رہی ہے کہ امریکی فیڈرل ریزرو رواں ماہ اور دسمبر میں شرحِ سود میں مزید کمی کرے گا۔

دوسری جانب، فرانس اور جاپان میں سیاسی بحران نے بھی سونا خریدنے کا رجحان بڑھا دیا ہے۔ جاپان میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے بعد اضافی اخراجات کے خدشے نے مارکیٹ کو مزید غیر مستحکم کر دیا ہے۔

دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ چاندی 48 ڈالر، پلاٹینیم 1658 ڈالر، اور پیلیڈیم 1361 ڈالر فی اونس تک جا پہنچا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حالات ایسے ہی رہے تو آنے والے سالوں میں سونا مزید مہنگا ہوسکتا ہے۔

Similar Posts