اہل غزہ کی امداد لے جانے اور اسرائیلی محاصرہ توڑنے کے لیے جانے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد کا استقبال کرنے کے لیے سیکڑوں شہری اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے۔
شہریوں کی بڑی تعداد اسلام آباد ایئرپورٹ پر سابق سینیٹر مشتاق احمد کے استقبال کے لیے موجود ہے، جہاں لوگ فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے ہیں۔ شہری پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے اور فلسطینی جھنڈے لہراتے ہوئے سابق سینیٹر مشتاق احمد کے استقبال کے لیے موجود ہیں۔
ائیرپورٹ پر موجود افراد میں خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد نے عالمی سطح پر امت مسلمہ اور فلسطین کے مؤقف کو اجاگر کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ لوگ ان کی حمایت میں بڑی تعداد میں ائیرپورٹ پر پہنچے ہیں۔