پولیس کے مطابق مقتول کو موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر فائرنگ کر دی جس کے باعث مقتول پیٹ میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کے علاقے احسن آباد جامعہ الرشید مدرسے کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے موٹر سائیکل سوار شہری کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے، مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، مقتول کی شناخت 30 سالہ رحمان اللہ ولد عبدالغفور کے نام سے کی گئی۔
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر مقتول کے اہلخانہ اور عزیز و اقارب بھی عباسی شہید اسپتال پہنچ گئے۔
مقتول کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول اسکیم 33 کوئٹہ ٹاؤن کا رہائشی اور آبائی تعلق وہاڑی سے تھا، مقتول دو بچوں کا باپ تھا، مقتول بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے والی این جی او تعمیر خلق فاؤنڈیشن میں فیلڈ مانیٹر یوسف گوٹھ سرجانی ٹاؤن میں تعینات تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول صبح گھر سے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ڈیوٹی پر یوسف گوٹھ سرجانی ٹاؤن جا رہا تھا کہ احسن آباد جامعہ الرشید مدرسے کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ مقتول کے پاس اس کا موبائل فون، پرس اور موٹرسائیکل سمیت تمام سامان موجود ہے، مقتول کو ایک گولی سینے کے قریب لگی ہے جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
اہل خانہ نے بتایا کہ 26 اکتوبر کو بھی مسلح ڈاکوؤں نے ہمارے ایک ساتھی منصور محسود کو قتل کیا تھا اور آج یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوگیا، سپر ہائی وے جمالی پل اور احسن آباد کے اطراف کا علاقہ لاوارث ہے، آئے روز ڈاکو لوٹ مار کے دوران شہریوں کو قتل اور زخمی کرکے فرار ہو جاتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور چور، ڈاکوؤں کا خاتمہ کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ نہیں، مقتول گزشتہ 10 سے ملازمت کر رہا تھا، ڈاکوؤں نے مقتول کو روکنے کی کوشش کی لیکن مقتول رکا نہیں اس لیے مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
مقتول کے اہلخانہ نے پولیس سے درخواست کی ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا نہیں ہے لہٰذا واقعے کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جائے اور واقعے میں ملوث ملزمان کا فی الفور سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرے۔
ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار 3 نامعلوم مسلح ملزمان نے مقتول کو روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر چلتی موٹر سائیکل پر فائرنگ کی، مسلح ملزمان نے پہلے جہاں مقتول کو روکنے کی کوشش وہاں فائرنگ کی اور پھر آگے جا کر دوبارہ مقتول پر فائرنگ کی جس کے باعث مقتول پیٹ میں ایک گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ جائے وقوع سے 30 بور پستول کا ایک خول بھی ملا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے اور پولیس دو سے تین پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے کہ واقعے کی کیا نوعیت تھی، پولیس جلد اس کیس کی تہہ تک پہنچ جائے گی۔
پولیس نے مقتول کے کزن کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔