ماہرہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کراچی کے مختلف علاقوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اکثر شہر کی حالت دیکھ کر حیران رہ جاتی ہیں۔ ماہرہ کے مطابق ان کے کام کے باعث انہیں ایسے محلوں میں جانے کا موقع ملا جہاں وہ پہلے کبھی نہیں گئیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ شہر کے کئی حصوں میں لوگ شدید مشکلات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ جہاں بجلی کی طویل بندش، کھانے پینے کی کمی اور ہفتوں سے جمع کچرے نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں امیر اور غریب طبقے کے درمیان بڑھتے فرق پر بھی روشنی ڈالی۔
View this post on Instagram
A post shared by Mahira Khan (@mahirahkhan)
ماہرہ خان نے کہا کہ مشکلات کے باوجود شہر کے عوام میں اُمید اور محبت اب بھی موجود ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بچوں کو کھیلتے اور ماؤں کو چھوٹے باورچی خانوں میں پراٹھے بناتے دیکھا، جبکہ وہی بچے صبح سویرے محنت مزدوری کے لیے نکل جاتے ہیں۔
انہوں نے ایک گلی کا ذکر کیا جہاں مندر، چرچ اور مسجد ایک ہی دیوار کے ساتھ موجود تھے، جس نے انہیں گہرائی سے متاثر کیا۔ ماہرہ نے آخر میں کراچی سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں تم سے محبت کرتی ہوں کراچی‘۔
اداکارہ کی پوسٹ پر عوام نے مثبت ردعمل دیا اور کراچی کے مسائل پر اپنے تجربات اور خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا۔