انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم

0 minutes, 0 seconds Read
انٹربینک میں کاروباری دورانیے میں ڈالر کی قدر تنزلی کا شکار رہی تاہم اختتامی لمحات میں ڈالر کی قدر 281روپے 20پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ستمبر میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات 11.3 فیصد کے اضافے سے 3ارب 20کروڑ ڈالر موصول ہونے، آئی ایم ایف کی سیلاب زدگان کو ریلیف دینے کی غرض سے حکومت کو ایڈجسٹمنٹ کی اجازت دیے جانے اور غیرضروری طلب میں کمی سے زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعرات کو ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہی۔

پاکستان پہنچنے والے سعودی اعلیٰ سطح کے تجارتی وفد کی مختلف شعبوں میں تجارت وسرمایہ کاری کے متوقع معاہدوں، ریکوڈک منصوبے، انفلوز کی امیدوں اور اچھے سینٹیمنٹس کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی کا شکار رہا۔

ڈالر کی قدر ایک موقع پر 23 پیسے کی کمی سے 280 روپے 97پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن اختتامی لمحات میں درآمدی نوعیت کی ڈیمانڈ آنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 281روپے 20پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 282روپے 25پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

Similar Posts