کراچی سے اغوا ہونے والی 4 سالہ بچی کوئٹہ سے مل گئی

0 minutes, 0 seconds Read
سول لائن سے اغوا ہونے والی 4 سالہ بچی کوئٹہ سے مل گئی ہے اور بچی کے والد نے تصدیق کی ہے کہ بچی ان کے پاس ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ کراچی کے علاقے سول لائن ہجرت کالونی سے اغوا کی گئی کمسن بچی کوئٹہ سے مل گئی ہے، 4 سالہ مائرہ 25 اگست کو ہجرت کالونی میں گھر کے باہر سے لاپتہ ہوگئی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ سول لائن پولیس نے بچی کے اغوا کا مقدمہ 26 اگست کو والد کی مدعیت میں درج کیا تھا۔

پولیس کے مطابق بچی کے والد نے بتایا کہ کوئٹہ کے ایک شہری نے فیس بک پر بچی کے اغوا کی خبر دیکھ کر اہل خانہ سے رابطہ کیا، بچی ان کی ہمشیرہ کو حب چوکی سے لاوارث حالت میں ملی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ حب چوکی کی رہائشی خاتون شادی میں شرکت کے لیےبچی سمیت کوئٹہ گئی تھیں اور خاتون نے اپنے بھائی کو بچی سے متعلق بتایا جس نے سوشل میڈیا پر بچی کے بارے میں معلومات حاصل کی۔

بچی کے والد  نے بتایا کہ بچی کو لینے اے وی سی سی پولیس کے ہمراہ کوئٹہ پہنچ گئے اور بچی ہمارے پاس ہے۔

Similar Posts